شمالی کوریا نے تین ہفتوں کے دوران تیسرا کامیاب بیلسٹک میزائل داغ دیا جو جاپان کے بحری معاشی زون میں جا گرا۔

امریکا کی ممکنہ فوجی کارروائی کی دھمکی اور اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شمالی کوریا کی جانب سے رواں سال کے دوران کیا جانے والا یہ بارہواں میزائل تجربہ ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوجی مبصرین کا کہنا ہے کہ پیر کے روز داغا جانے والا یہ شارٹ رینج میزائل 6 منٹ فضا میں معلق رہا جبکہ جاپان کا دعویٰ ہے کہ میزائل اس کے خصوصی معاشی زون میں آکر گرا۔

جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق مذکورہ اسکڈ میزائل 450 کلومیٹر کی مسافت طے کرنے کے بعد جاپان میں گرا۔

شمالی کوریا کی جانب سے اس بیلسٹک میزائل کا تجربہ گذشتہ ہفتے جی سیون اجلاس کے دوران امریکی صدر کی یقین دہانی کے باوجود سامنے آیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر نے جی سیون اجلاس میں شمالی کوریا کو اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ اس کے تمام بڑے مسائل حل کردیئے جائیں گے۔

میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے نے اپنے اتحادی امریکا کے ساتھ اس تجربے کا بھرپور جواب دینے کا عہد کیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY