ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے خلیجی ممالک کی جانب سے قطر کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے سے متعلق اقدامات کو ’اسلامی اقدار‘ کے منافی قرار دیا ہے۔
انقرہ میں اپنی جماعت اے کے پارٹی کے ارکان سے خطاب میں رجب طیب ایردوآن نے کہا، ’’قطر کے معاملے میں ایک نہایت بھیانک غلطی کی گئی ہے۔ ایک قوم کو ہر طرح سے تنہا کرنے کے اقدامات غیرانسانی اور اسلامی اقدار کے منافی ہیں۔ یہ تو یوں ہے کہ قطر کے لیے سزائے موت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا، ’’قطر نے ترکی کے ساتھ مل کر اسلامک اسٹیٹ جیسی شدت پسند تنظیم کے خلاف انتہائی ٹھوس موقف اپنا رکھا ہے۔۔۔ قطر کو نشانہ بنانے کی کوشش کسی کے مفاد میں نہیں۔‘













