رینجرز نے یوم علی پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز نے بلدیہ اور اورنگی ٹاؤن میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی ۔ اس دوران چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، ایمونیشن اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔
سندھ رینجرز کی جانب سے شائع کی گئی پریس ریلیز کے مطابق چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے جو آج یوم علی کے موقع پر خودکش حملے کی مکمل تیاری کر چکے تھے۔ تمام دہشت گردوں سے تفتیش کے لئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج کراچی سمیت ملک بھر میں خلیفہ چہارم حضرت علی کا یوم شہادت عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی جلوس ایک بجے نشتر پارک سے بر آمد ہوگا












