وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاناما جے آئی ٹی کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے۔ جے آئی ٹی نے ان سے ساڑھے تین گھنٹے تفتیش کی۔ اس دوران ان سے حدیبیہ پیپر ملز سے متعلق سوالات کئے گئے۔
پاناما جے آئی ٹی کے سامنے بیان ریکارڈ کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا یہ احتساب پانچویں بار ہوا ہے۔ مجھے مشرف دور میں احتساب کے نام پر ہتھکڑیاں لگائی گئی۔ لیکن ہمارے خلاف آج تک کرپشن کا کوئی کیس ثابت نہیں ہوسکا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کمر میں درد کے باوجود میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوا۔ کوئی بہانہ نہیں بنایا کیونکہ ہم قانون اور عدلیہ کا احترام کرتے ہے۔ آج ایک اور تاریخی لمحہ ہے کہ جب ایک منتخب وزیراعلیٰ جے آّئی ٹی کے سامنے پیش ہوا ۔ اس سے قبل عوام کے ووٹوں کی طاقت سے بننے والا وزیراعظم جے آئی ٹی میں پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کراچکا ہے













