پاکستان میں قومی اعزازات کبھی عزت و وقار کی علامت ہوا کرتے تھے۔ ستارۂ امتیاز، تمغۂ حسنِ کارکردگی، اور دیگر سرکاری ایوارڈز ان شخصیات کو ملتے تھے جنہوں نے اپنی زندگیاں قوم و ملک کے لیے وقف کر دی ہوں۔ یہ اعزازات اصل میں ایک شاباش تھے، ایک اعتراف تھا کہ ریاست اپنے ہیروز کو جانتی ہے، انہیں سراہتی ہے۔
مگر آج صورتحال یہ ہے کہ ان ایوارڈز کی قیمت لگ رہی ہے، ایک بازار سجا ہوا ہے، اور عزت کے یہ تاج کم ظرفوں کے سروں پر رکھے جا رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے حکومتیں اور ادارے، اپنی پسند و ناپسند کے مطابق اعزاز بانٹنے لگے ہیں۔ جن کے پاس طاقت ہے، تعلق ہے یا سرمایہ ہے، وہی بڑے بڑے قومی تمغے اپنے نام کر لیتے ہیں۔ فنکار ہوں یا سیاست دان، کھلاڑی ہوں یا بیوروکریٹ—اب معیار صرف سفارش، چاپلوسی اور ذاتی تعلق رہ گیا ہے۔
کئی ایسے نام ایوارڈ یافتہ فہرستوں میں شامل نظر آتے ہیں جنہیں دیکھ کر حیرت اور افسوس ہوتا ہے کہ یہ کون سا کارنامہ ہے جس پر انہیں قوم کا ہیرو مانا جائے؟ اصل محنتی لوگ، اصل محبِ وطن لوگ، گمنام سپاہی، سائنس دان، اساتذہ، ادیب اور شاعر—جو واقعی ایوارڈ کے حقدار ہیں—وہ محروم رہ جاتے ہیں۔ کیونکہ ان کے پاس کوئی “سفارش” نہیں ہوتی۔ یہی وہ مقام ہے جہاں قومی اعزاز کی توہین ہوتی ہے۔ جب معاشرہ دیکھتا ہے کہ تمغۂ شجاعت لینے والا وہ شخص ہے جس نے کبھی میدانِ عمل میں قدم بھی نہ رکھا، تو سوال اٹھتا ہے کہ آخر یہ اعزازات بانٹے جاتے ہیں یا بیچے جاتے ہیں؟ قومی اعزازات کی اس بے توقیری نے نوجوان نسل کے دل سے ان کی عزت ختم کر دی ہے۔
جب ایک نالائق شخص کو اعلیٰ اعزاز سے نوازا جاتا ہے تو اصل ہیرو کا مقام بھی مجروح ہوتا ہے۔ قوم یہ سوچنے پر مجبور ہے کہ کیا ان ایوارڈز کی کوئی حقیقی اہمیت باقی رہ گئی ہے؟ یا یہ بھی صرف اقتدار کے کھیل کا حصہ بن گئے ہیں؟ وقت آ گیا ہے کہ ہم ان اعزازات کی ساکھ بحال کریں۔ اس کا ایک ہی راستہ ہے: شفاف اور غیر جانبدارانہ طریقہ کار۔ ایک آزاد بورڈ ہو جو صرف کارکردگی اور خدمات کو دیکھے، نہ کہ سفارش یا تعلق۔ تب ہی یہ اعزازات پھر سے عزت کی علامت بن سکیں گے، ورنہ یہ منڈی ہمیشہ لگی رہے گی اور قومی وقار نیلام ہوتا رہے گا۔
کبھی یہ اعزازات ستاروں کی مانند تھے، جو رات کے اندھیروں میں قوم کی پیشانی پر جگمگاتے تھے۔ یہ اعزاز محنت کا صلہ تھے، قربانی کا اعتراف تھے، اور فن و فکر کی تابانی کا استعارہ تھے۔ مگر آج لگتا ہے کہ وہ ستارے ٹوٹ کر زمین پر گر گئے ہیں، اور ان پر نیلامی کا بورڈ لگا دیا گیا ہے۔ کتنا المیہ ہے کہ ہمارے قومی اعزازات اب عزت و وقار کی نہیں، تعلق داری اور خوشامد کی سند بن گئے ہیں۔
معیار کارکردگی نہیں بلکہ چاپلوسی ہے، خدمت نہیں بلکہ سفارشی زنجیر ہے۔ ایک بازار لگا ہوا ہے، اور عزت و توقیر کی بولی لگائی جا رہی ہے۔ اور سب سے بڑا دکھ یہ ہے کہ یہ زہر ادب کے دامن میں بھی گھل گیا ہے۔ ادب، جو روح کی روشنی تھا، جو قوم کی آنکھوں میں خواب بھرتا تھا، جس نے ہمیشہ اقتدار کے اندھیروں میں چراغ جلایا—وہی ادب اب گروہ بندیوں اور سفارشوں کی بھینٹ چڑھ گیا ہے۔
اصل شاعر، وہ جس کے لفظ خونِ جگر سے لکھی گئی سطریں ہیں، وہ نظر انداز ہو جاتا ہے۔ اصل ادیب، جو معاشرے کے زخموں کو اپنی تحریر میں بیان کرتا ہے، وہ گمنامی کے اندھیروں میں دھکیل دیا جاتا ہے۔ اور سامنے آ جاتا ہے وہ شخص جس کے قلم سے صرف مدح سرائی ٹپکتی ہے، جس کی تحریر میں صداقت نہیں بلکہ مفاد کی خوشبو ہے۔
یہ منڈی ادب کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ یہ اعزازات کے دربار میں اصل فنکار کی توہین ہے۔ یہ نوجوان لکھاریوں کے خوابوں کا قتل ہے۔ سوچنے کی بات یہ ہے: جب اعزاز انصاف سے محروم ہو جائیں، جب تمغے تعلق داری کی نذر ہو جائیں، جب ستارے کم ظرفوں کے ماتھے پر سجائے جائیں، تو پھر قوم اپنے اصل ہیروز کو کیسے پہچانے گی؟ ضرورت ہے کہ ہم ان اعزازات کو دوبارہ تقدس دیں۔ انہیں نیلام گھر سے نکال کر عزت کے منبر پر بٹھائیں۔ یہ فیصلہ ہمیں آج کرنا ہوگا، ورنہ آنے والی نسلیں ہم سب پر ہنسیں گی کہ ہم نے اپنے قومی وقار کو سستا بیچ ڈالا۔
دیکھ کر فہرست اعزازات کی آیا خیال
کوئی تو چمچہ ہے اسمیں اور کوئی کفگیر ہے
قائد اعظم کی روح بھی بالیقیں بے چین ہے
ہائے کیا اقبال تیرے خواب کی تعبیر ہے
صفدر ھمدانی
بس ایک خیال رہے کہ جب ایسی فہرست میں درباریوں اور حاشیہ برداروں کے نام شامل ہوتے ہیں تو وہ نام بھی مشکوک ہو جاتے ہیں جنہیں واقعی حقیقی طور پر انکی خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز ملتا ہے۔ یہی حال اس مرتبہ کی فہرست کا بھی ہے کہ دوستوں اور قرابت داروں کے ساتھ ساتھ درباریوں کے ناموں کی طویل فہرست کے ساتھ وہ معدودے چند نام بھی مشکوک ہو گئے ہیں جو بظاہر حق با حق داد رسید کے زمرے میں آتے ہیں
ہاں کسی ایک محب وطن سے ایک سوال ہے کہ کیا کوئی ملکی عدالت میں ؛؛تضحیک اعزازات؛؛ کے ذمیداروں کے خلاف مقدمہ درج کروائے گا؟













