افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں طالبان عسکریت پسندوں کے حملے میں کم از کم دس پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب یہ حملہ ہرات کے سلما ڈیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر کیا گیا۔ اس حملے میں جوابی فائرنگ سے چار عسکریت پسندوں کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ طالبان کی جانب سے اس ڈیم پر پہلے بھی کئی مرتبہ حملے کیے جا چکے ہیں۔
سلما ڈیم بھارتی امداد سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس کا سنگ بنیاد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ برس جون میں رکھا تھا۔ اس ڈیم سے ہرات کو بیالیس میگا واٹ بجلی فراہم کی جاتی ہے۔













