لاہور: ارفع کریم ٹاور کے قریب دھماکا، 26 جاں بحق، 56 زخمی

0
887

لاہور کے علاقے فیروز پور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب دھماکے سے 26 افراد جاں بحق جبکہ56افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ دھماکا ایک گاڑی کے اندر ہوا جس سے قریب کھڑی متعدد موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی۔ دھماکے سے تباہ ہونے والی گاڑی کا نمبر ایل آر بی 9308 تھا جو گوجرانوالہ کے امتیاز احمد کے نام پر رجسٹرڈ تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق یہ گاڑی ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرتی ہوئی آئی اور سامنے سے آنے والی ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ ٹکرانے کے فوری بعد گاڑی میں دھماکا ہو گیا جس سے موٹر سائیکل پر سوار ایک مرد، خاتون اور موقع پر موجود پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ پر 20 سے 25 افراد موجود تھے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئیں اور ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بعض افراد کی حالت نازک ہے، جنھیں بھرپور طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جنرل ہسپتال میں 38 زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکا خود کش لگتا ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ واقعے کے بعد علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ارفع کریم ٹاور کے قریب پرانی عمارتوں کو مسمار کرنے کا آپریشن جاری تھا۔ دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں پہلے ہی ہائی الرٹ ہے، تاہم دھماکے کے بعد سیکیورٹی کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کوٹ لکھپت دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں شہریوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور دھماکے کی جگہ پر امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY