انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو 239 رنز سے شکست دے کر 4 میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم 492 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 252 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ڈین ایلگر کی سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔
اوول لندن میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز جنوبی افریقہ نے 492 رنز کے تعاقب میں 117 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈین ایلگر 72 اور تیمبا بووما 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
دونوں بیٹسمینوں نے 108 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 160 تک پہنچا دیا، اس موقع پر رولانڈ جونز نے مسلسل دو گیندوں پر دو وکٹیں گرا کر جنوبی افریقہ کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔
تیمبا بووما 32 اور ورنن فلینڈر بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے، ڈین ایلگر نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور آٹھویں ٹیسٹ سنچری بنائی۔
کرس مورس جنوبی افریقہ کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 24 رنز بناکر معین علی کا نشانہ بنے،انگلش آل رائونڈ نے شاندار بائولنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ایلگر ،رابادا اور مورنی مورکل کو تسلسل کے ساتھ آئوٹ کرکے اپنی ہیٹرک مکمل کی ۔
معین علی گزشتہ 79 سال میں ہیٹرک کرنے والے پہلے برطانوی سپنر بن گئے ہیں، انگلینڈ کے بین سٹوکس کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔












