لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کوطبیعت کی اچانک خرابی کے بعد ممبئی کے لیلاوتی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق دلیپ کمار کو گردے میں تکلیف کی شکایت کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دلیپ کمار کے جسم میں پانی کی کمی ہوگئی ہے جس کی وجہ سے انہیں گردے میں تکلیف محسوس ہوئی۔ اسپتال میں دلیپ کمار کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے جن کی رپورٹ آنے کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جاسکے گا۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دلیپ کمار کو اسپتال میں انڈر آبزرویشن رکھا گیا ہے۔ خیال رہے کہ 94 سالہ اداکار دلیپ کمار کی صحت رواں برس تیزی سے گری ہے اور انہیں کئی بار اسپتال میں داخل ہونا پڑا ہے۔
گزشتہ برس اپریل میں دلیپ کمار کو بخار اور متلی کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جبکہ دسمبر میں ان کے دائیں پاؤں میں سوجن ہوگئی تھی جس کی وجہ سے انہیں اسپتال لے جایا گیا تھا۔
دلیپ کمار 6 دہائیوں پر مشتمل اپنے فلمی کیریئر میں 65 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں دیوداس، نیا دور، مغل اعظم، گنگا جمنا، کرانتی اور کرما جیسی شاہکار فلمیں بھی شامل ہیں۔
سن1991 میں بھارتی حکومت نے دلیپ کمار کو پدما بھوشن ایوارڈ سے نوازا تھا۔













