خلیجی ریاست قطر اور ترکی کی فوج کی مشترکہ مشقیں منگل سے دوحہ میں جاری ہیں۔ آٹھ اگست تک جاری رہنے والی ان فوجی مشقوں میں 250 ترک فوجی اور 30 بکتر بند گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق ترکی کا ایک فریگیٹ’جوکوفا‘ چند روز قبل 214 فوجیوں کو لے کردوحا پہنچا تھا۔ ترکی کے سرکاری ٹی ویلی ویژن ’این ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز سے جاری مشترکہ فوجی مشقوں میں بری فوج کے دستے بھی جلد شامل ہوں گے جب کہ مشقوں کے آخری دو ایام میں سات اور آٹھ اگست کو دونوں ملکوں کی عسکری قیادت بھی ان مشقوں کا معائنہ کرے گی۔

خیال رہے کہ پانچ جون 2017ء کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر ارو بحرین نے قطر سے سفارتی تعلقات توڑ لیے تھے۔ ان ملکوں نے قطر پر دہشت گردی کی پشت پناہی، مالی مدد اور ایران سے قربت کا الزام عاید کیا ہے تاہم قطر ان الزامات کو مسترد کرتا آیا ہے۔
ترکی اس وقت قطرکی وجہ سے خود بھی بحران کی زد میں ہے۔ استنبول کو ایک طرف خطے کی موثر طاقتوں بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ بھی تعلقات برقرار رکھنے ہیں اور دوسری جانب اسے قطر جیسے نظریاتی حلیف کوبھی ساتھ لے کر چلنا ہے۔
ترکی نے قطر میں اپنا ایک فوجی اڈہ بھی قائم کیا ہے جس میں کم سے کم 150 ترک فوجیوں کی موجودگی کی اطلاعات ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY