آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں ہونے والے طالبان حملے میں دو امریکیوں فوجیوں کی ہلاکت پر اظہار مذمت کیا جو پاک فوج کی جانب سے سامنے آنے والا ایک غیر معمولی اقدام ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ‘قندھار میں امریکی فورسز پر دہشت گرد حملے کے نتیجے مییں اسپیشل فورسز کے دو اہلکاروں کی ہلاکت پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دلی تعزیت پیش کی’۔
ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق جنرل قمر باوجوہ کا کہنا تھا کہ مماثل صورتحال کا سامنا کرنے کی وجہ سے پاکستان ‘دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہونے والے جانی نقصان’ پر ہلاک فوجیوں کے سوگوار خاندانوں کا دکھ اچھی طرح سمجھ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے 2 اگست کو افغان صوبے قندھار کے نواحی علاقے میں ایک خودکش بمبار نے اپنی گاڑی نیٹو قافلے سے ٹکرا دی تھی جس کے نتیجے میں 2 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے تھے۔
نیٹو قافلے پر ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری طالبان کی جانب سے قبول کی گئی تھی۔











