پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کنٹینر کنٹینر کرتے خود کنٹینر پر چڑھ گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے مرکزی دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ نواز شریف بار بار یہ بات کرتے ہیں کہ ان کیخلاف سازش ہوئی ہے ، میاں صاحب بتائیں کون کس کے خلاف سازش کررہا ہے؟ وہ کس کے خلاف ریلی نکال رہے ہیں ، عدلیہ کے خلاف، فوج کے خلاف یا حکومت کے خلاف؟
انہوں نے کہا کہ جب میاں صاحب کسی جماعت کے سربراہ نہیں ہیں تو انہیں پروٹوکول کس حیثیت میں دیا جاتا ہے؟ انہوں نے خود کہا کہ عدالت جو فیصلہ کرے گی ہم قبول کریں گے، عدالت نے فیصلہ دے دیا لیکن یہ لوگ فیصلے کے ساتھ جو کر رہے ہیں، دنیا دیکھ رہی ہے، آج عدالت کے فیصلے کو سازش قرار دیا جا رہا ہے ، اس فیصلے کی روشنی میں میاں صاحب کو عہدے سے الگ ہونا پڑا ۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہم جب سازش کا کہتے تھے تو ہمارے خلاف آئی جے آئی بنوا دی گئی، آپ قوم کو بتائیں کہ آپ کے خلاف سازش کس نے کی، اگر آپ نے قانون سازی نہیں کی تو ذمہ دار آپ خود ہیں، حساب لینا اپوزیشن یا میڈیا کا کام نہیں حکومت کا کام تھا، ابھی تک تو آپ کے خلاف صرف ایک فیصلہ آیا ہے آپ کہہ رہے ہیں ملک کیلئے بہت خطرات ہیں،میاں صاحب قوم کو اعتماد میں نہیں لیں گے تو یہ قومی جرم ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص نااہل ہوتا ہے وہ جماعت کی سربراہی نہیں کر سکتا ، میاں صاحب سابق وزیراعظم ہیں انہیں اس حد تک سیکیورٹی دینا جائز ہے ،سرکاری ملازمین یاد رکھیں سب کو بھگتنا پڑے گا، نوازشریف اپنے خلاف کیسوں میں دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں ، میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 3 سے 5 ہزار لوگ ریلی میں شریک ہیں ،ہم حیران ہیں کہ امیر مقام جو ہزاروں گاڑیاں لیکر آئے ، وہ کہاں گئیں ۔

SHARE

LEAVE A REPLY