بھارت کے وزیرخارجہ سبرامنیم جے شنکر نے جمعرات کو لاؤس میں اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات کی، جس میں دونوں عہدے داروں نے اپنے سرحدی مسائل جلد از جلد حل کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں ملکوں کے درمیان ہمالیائی سلسلے میں ایک طویل سرحد ہے جس کے کئی حصوں پر سرحد کی واضح نشاندہی نہیں ہے جس کی وجہ سے ملکیت کے حوالے سے اکثر تنازعات اٹھتے رہتے ہیں۔
جولائی 2020 میں دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی فوجی جھڑپ کے بعد سے تعلقات کشیدہ چلے آ رہے ہیں۔
اس جھڑپ میں 20 بھارتی اور 4 چینی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔
بھارت کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو کہا کہ جے شنکر نے لاؤس میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے گروپ آسیان کے سربراہی اجلاس کے موقع پر الگ سے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات کی۔













