لندن میں ڈاکٹروں نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نوازکو حلق کے کینسرکی تشخیص کی ہے۔
برطانوی ڈاکٹروں کے مطابق بیگم کلثوم نواز کو گلے کا کینسر تشخیص ہوا ہے، جو ابتدائی مرحلے میں اور قابل علاج ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگلے چند دنوں میں بیگم کلثوم نواز کا علاج شروع کردیا جائے گا۔
اس صورت حال کے بعد آئندہ کچھ دنوں تک بیگم کلثوم نواز این اے 120 کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔
واضح رہے کہ کلثوم نواز 17 اگست کو غیر متوقع طور پر لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوگئی تھیں۔
نواز شریف کے نااہل ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ ’این اے 120‘ کے ضمنی انتخاب کے لیے حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا گیا تھا، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی امیدوار یاسمین راشد نے ان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض لگائے تھے۔
تاہم الیکشن کمیشن نے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔
کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) نے درخواستیں دائر کی تھیں۔
تاہم لاہور ہائی کورٹ کے اپیلٹ ٹریبیونل نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر تمام اپیلیں مسترد کردی تھیں۔













