دنیا کے کسی بھی کونے میں قائم ریڈیو اسٹیشن پر بجنے والا گانا صرف انٹرنیٹ پر موجود ایک لنک کے ذریعےسناجاسکتا ہے۔
باغ میں بیٹھ کر من پسند موسیقی سننا کسے پسند نہیں ہوتا، لیکن باغ بھی ایسا جہاں بھانت بھانت کی بولیاں بولی جارہی ہوں،انٹرنیٹ کی دنیا میں موجود ہے ایک ایسا ہی باغ جسے صرف آپ کی انگلیوں کی جنبش کا انتظار ہے۔
ریڈیو گارڈن ایک ایسا انٹرایکٹیو میپ یا ٹول ہے جو دنیا بھر کے ریڈیو سگنلز کو گوگل میپ کے ذریعے ڈھونڈنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
آپ نہ صرف اپنے خطے بلکہ دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود ریڈیو اسٹیشن پر بجنے والا گانا سن سکتے ہیں، صرف اس لنک پر جائیں، اپنے مطلوبہ اسٹیشن پر کلک کریں اور خوش آمدید۔
اس سروس کا مقصد دنیا بھر سے ریڈیو براڈکاسٹرز اور سامعین کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنا ہے،چاہے وہ وطن سے میلوں دور بیٹھے پردیسی ہوںیا دنیا بھر سے نت نئے کلچر کے بارے تجسس رکھنے والے افراد ہوں۔
آپ بے شک واشنگٹن میں بیٹھے ہوں،جھٹ پاکستانی اسٹیشن ٹیون کیجئے۔
جو ریڈیو اسٹیشن اس بات کے خواہاں ہیں کہ انہیں ریڈیو گارڈن کے ذریعے ڈھونڈا جا سکے انہیں خود کو رجسٹر کرنا ہوتا ہے جس کے بعد ان کے اسٹیشن کو اس ویب ٹول کے ذریعے دنیا کے نقشے پر دیکھا جاسکے گا












