منگل کے روز میکسیکو میں ایک طاقت ور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 7.1 تھی۔
زلزلے سے کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں جن میں ایک بڑی تعداد میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔
ٹیلی وژن کی ایک فوٹیج میں زلزلے سے زمین بوس ہونے والی دارالحکومت کی ایک کثیر منزلہ عمارت دکھائی گئی ہے ۔ فوٹیج میں کئی امدادی کارکن لوگوں کو ملبے کے ڈھیر وں سے نکالنے کی کوشش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
کئی دوسری ویڈیوز میں سرکاری عمارتوں میں شگاف پڑتے اور انہیں سٹرکوں پر گرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیوز میں سڑکوں اور گلی کوچوں میں کھڑے خوف زدہ لوگ بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
جنوبی میکسیکو کے ایک شہر کورناواکا سے ملنے والی غیر مصدقہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ مقامی ریڈیو کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعداد تباہ شدہ عمارتوں کے اندر پھنسی ہوئی ہے۔
لوگوں کی ایک بڑی تعداد سڑکوں اور گلیوں میں کھڑی ہے ۔ دارالحکومت کے کئی علاقوں میں بجلی اور ٹیلی فون کے کھمبے گر گئے ہیں اور تاریں ٹوٹ کر سڑکوں پر بکھر گئی ہیں۔
زلزله آنے سے صر ف چند گھنٹے پہلے بہت سے لوگوں نے زلزلے سے بچاؤ کی ایک مشق میں شرکت کی تھی۔ یہ مشق ہر سال میکسیکو سٹی میں 1985 کے تباہ کن زلزلے کی برسی کے موقع پر کی جاتی ہے۔ اس زلزلے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔













