فیس بُک نے روہنگیا عسکریت پسند گروپ کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر معلومات شائع کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
فیس بُک کی خاتون ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ فیصلہ فیس بُک کی کسی شدت پسند گروپوں کو اپنی سائٹ پر جگہ نہ دینے کی پالیسی کے عین مطابق ہے۔ ترجمان کے مطابق اراکان روہنگیا سالویشن آرمی پر پابندی کے حوالے سے فیس بُک کو کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
میانمار میں جاری تشدد کے باعث اب تک 420,000 سے زائد روہنگیا مسلمان جان بچانے کے لیے ہمسایہ ملک بنگلہ دیش ہجرت کر چکے ہیں۔ روہنگیا گروپوں کی طرف سے دنیا تک اپنی بات پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا کا ہی سہارا لیا جا رہا ہے جبکہ میانمار کی فوج اور حکومت تقریباﹰ روزانہ اس حوالے سے اپ ڈیٹ جاری کرتی ہے۔











