فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں آج چھبیس ستمبر کو یورپی یونین میں اصلاحات سے متعلق اپنا منصوبہ پیش کریں گے۔ فرانسیسی صدر یورو زون کے لیے ایک علیحدہ وزیر خزانہ مقرر کرنے کے حق میں ہیں۔ اسی طرح وہ اِس زون کے لیے علیحدہ بجٹ بھی مختص کرنے کی وکالت کرتے ہیں۔
ان دونوں منصوبوں پر برلن حکومت تحفظات رکھتی ہے۔ ماکروں نے اپنی انتخابی مہم میں یونین میں اصلاحات متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔ وہ ایک ایسے وقت پر اپنا یہ منصوبہ پیش کر رہے ہیں، جب ابھی دو دن قبل ہی جرمن انتخابات کے نتائج نے چانسلر میرکل کی پوزیشن کو قدرے کمزور کر دیا ہے۔ یورپی یونین میں جرمنی اور فرانس روایتی حلیف خیال کیے جاتے ہیں۔











