ملتان کا شمار پاکستان کے اْن شہروں میں ہوتا ہے جہاں یومِِ عاشور کے موقع پر ایک بڑی تعداد میں ماتمی جلوس نِکالے جاتے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے ذوالجناح، علم اور تعزیے کے لگ بھگ چارسودس ماتمی جلوس نکلتے ہیں۔ لیکن اِن میں بڑی تعداد تعزیے کے جلوسوں کی ہوتی ہے۔تا ہم تین سو سے زیادہنکالے جانے والے تعزیوںکے جلوسوں میں نمایاں مقام اندرونِ شہر کے پاک گیٹ سے برآمد ہونے والے قدیمی اْستاد اور شاگرد کے تعزیوں کو ہی حاصل ہے۔اِن میں سے اْستاد کا تعزیہ ایک سو اسی برس قدیم بتایا جاتا ہے۔ شاگرد کا تعزیہ بھی اِتنا ہی پرانا تھا لیکن یہ ایک دفعہ گِر کر اور دوسری بارجل کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا۔ روایت کے مطابق لکڑی پر کندہ کاری اور چوب کاری کے ماہر اْستاد پیر بخش نے حضرت امام حسینؑ سے عقیدت کے اظہار کے لیے 1825ء میں یہ شاندار تعزیہ تیار کیا تھا۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ اْستاد کو اِس کی بناوٹ اور سجاوٹ میں پانچ سال کا عرصہ لگا تھا جبکہ بعض لوگ یہ مْدت سولہ سال بتاتے ہیں۔ شاگرد کا تعزیہ تیار کرنے والے ہنرمند کے بارے میں بہت زیادہ معلومات دستیاب نہیں ہو پائیں۔ تاہم کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اْن کا نام اِلٰہی بخش تھا اور وہ اْستاد پیر بخش کے شاگردوں کی اْس ٹیم کا حصہ تھے جِس نے اْستاد کا تعزیہ تیار کیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اِلٰہی بخش دِن میں اْستاد کے ساتھ کام کرتے اور رات میں ایک خفیہ جگہ پر ویسا ہی تعزیہ بنانے میں جْٹے رہتے۔ اْستاد کے تعزیے کے کچھ عرصہ بعد ہی شاگرد کا تعزیہ بھی تیار تھا اور یوں ایک لازوال روایت کا آغاز ہوتا ہے جو کم و بیش دو صدیاں گزرنے کے باوجود اب بھی قائم ہے۔ ملتان میں آج بھی تعزیوں کے مرکزی جلوس کی قیادت اْستاد کا لافانی تعزیہ کرتا ہے جِس کے پیچھے شاگرد کا تعزیہ اور پھر دوسرے تعزیے ہوتے ہیں۔ اْستاد کا تعزیہ مکمل طور پر ہاتھ سے بنا ہوا ہے اور اپنی اصل حالت میں موجود ہے۔ 25 فْٹ بلند اور آٹھ فْٹ چوڑے اِس تعزیے کی چھ منزلیں ہیں اور ہر منزل کئی چھوٹے بڑے ساگوان کی لکڑی کے ایسے ٹکڑوں سے بنی ہیں جو مِنی ایچر محرابوں، جھروکوں، گنبدوں اور میناروں پر مشتمل ہیں۔اْستاد کے تعزیے کی جْڑت میں کوئی میخ استعمال نہیں ہوتی بلکہ مختلف حصوں کو ایک دوسرے میں پیوست کرکے فن کا یہ اعلیٰ نمونہ مکمل کیا جاتا ہے۔تاہم مرمت کے لیے ماہر کاریگروں کی عدم دستیابی کے باعث استاد کا تعزیہ شکستِ و ریخت کا شکار ہے۔ شاگرد کے تعزیے کی اونچائی بھی 25 فٹ ہے جبکہ چوڑائی ساڑھے آٹھ فٹ ہے۔لیکن شاگرد کا موجودہ تعزیہ مشین کی مدد سے تیار کیا گیاہے جو 1944ء میں اْس وقت بنایا گیا جب شاگرد کے تعزیے کو پراسرار طور پر آگ لگی اور وہ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔اِس کی بھی چھ منزلیں ہیں اور اْستاد کے تعزیے کی طرز پر یہ بھی لاتعداد محرابوں، جھروکوں، گنبدوں اور میناروں پر مشتمل ہے۔ اْستاد کے تعزیے کی دیکھ بھال ان دنوں خلیفہ الطاف حْسین جبکہ شاگرد کے تعزیے کی حفاظت غلام محبوب کے ذمّہ ہے۔ یہ رضا کارانہ ذمّہ داری دونوں حضرات وراثتی طور پر نبھا رہے ہیں جو اِن کے بعد اِن کی اولاد کو منتقل ہو جائے گی۔ ان سے قبل اِن کے آباؤاجدادیہ فریضہ سر انجام دیتے رہے ہیں۔دونوں خاندانوں کا تعلق سْنی فرقے سے ہے۔ چنیوٹ کے تعزیے محرم الحرام کی آمد پر ملک بھر میں تعزیے نکالے جاتے ہیں جن میں چنیوٹ کے تعزیوں کو اپنی بناوٹ کی وجہ سے ایک منفرد مقام حاصل ہے۔یہ تعزیے لکڑی سے تیار کیے گئے ہیں جن پر نقش نگاری، منبت سازی اور خاکہ سازی کا کام کیا گیا ہے۔چنیوٹ کے ماہر کاریگروںنے حضرت امام حسینؑ کو جنت الفردوس میں ملنے والے محل کا خیالی ماڈل بنایا ہے۔ لکڑی سے بنائے گئے اس محل پر نقش نگاری کا انتہائی خوبصورت کام کیا گیا ہے جو اپنی مثال آپ ہے۔ایک طالب علم تنظیم کے عہدیدار سید خرم حسنین کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دنوں میں چنیوٹ شہر سے آٹھ تعزیے نکالے جاتے ہیں اور مومنین ان کی زیارت کرتے ہوئے حضرت امام حسین ؑکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ سید خرم حسنین نے کہا کہ محل میں سب سے نیچے تخت بنایا گیا ہے جس پر گلاب، سوسن اور انگور کی بیلوں کی منبت کاری کی گئی ہے جبکہ چاروں کونوں پر بنہ جات کی صورت میں نقش نگاری کی گئی ہے۔چاروں کونوں پر بنے بنہ جاتوں پر پانچ گنبد ڈیزائن کیے گئے ہیں جو پنجتن پاکؑ کو ظاہر کرتے ہیں۔ تخت کے اوپر محل کی منازل تعمیرکی گئی ہیں اور ہر منزل کو کاریگروں نے دو حصوں میں ڈیزائن کیا ہے۔ درمیان والا حصہ برآمدہ جبکہ دائیں بائیں کے حصے متن کہلاتے ہیں۔تعزیے کی ہر منزل میں موجود بالکونی، دروازے اور کھڑکیوں پر انتہائی خوبصورت انداز میں ہاتھ سے کھدائی کا کام کیا گیا ہے۔محل کی سب سے اوپری منزل پر پالکی میں حضرت امام حسینؑ کی رہائش گاہ ظاہر کی گئی ہے جس کے اوپر سبز اور سرخ رنگ کے دو گنبد موجود ہیں۔ سبز رنگ حضرت امام حسنؑ کی مطابقت سے حسنی جبکہ سرخ حضرت امام حسینؑ کی مطابقت سے حسینی رنگ کہلاتا ہے۔آخر میں زمین اور آسمان کی نسبت سے تعزیے کے اوپر سائبان کی طرح کا گنبد بنایا گیا ہے جس پر چاند اور تارے کنندہ ہیں۔معتقدین کا ماننا ہے کہ جس طرح پرانے وقتوں میں چاند اور تارے مسافروں کو راہ دکھاتے تھے اسی طرح امام حسینؑ کی زندگی دنیا بھر کے انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ سماجی کارکن سید کاشف شاہ کا کہنا تھا کہ عزاداری میں تعزیوں کو ایک خاص مقام حاصل ہے اور جو عزا دار کرب و بلا نہیں جا سکتے ‘وہ اپنے علاقوں میں ان تعزیوں کی زیارت کر لیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک ماہر کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ وہ جس شخص کا گھر تعمیر کرے وہ اس فرد کی شخصیت کا آئینہ دار ہو اور چنیوٹ کے ماہر کاریگروں نے تعزیے ڈیزائن کرتے ہوئے کمال فن کا مظاہر ہ کیا ہے۔ان کے مطابق یہ تعزیے صرف نو اور دس محرم کے دنوں میں نکالے جاتے ہیں جن کی زیارت کے لیے لاکھوں لوگ دور دراز کے شہروں سے چنیوٹ آتے ہیں۔ دنیا نیوز













