سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے نومنتخب صدر میاں نواز شریف نے پیش گوئی کی ہے کہ نون لیگ کی اگلی حکومت ناقابلِ شکست ہوگی۔
انہوں نے لاہور کے الحمرا ہال میں مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ عوام کی جنگ لڑ رہا ہوں، اس جنگ میں سرخرو ہوں گے، پاکستان میں سی پیک لے کر آئے، نااہلی کی تلوار چلا دی گئی، سمجھ میں نہیں آتا مجھے کیوں نکالا گیا؟ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اس پر چھٹی کردی۔
میاں نواز شریف نے شعر بھی پڑھا کہ
ہے نئی روش کی عدالتیں اور نرالے ہی ڈھنگ کے فیصلے
نہ نظیر ہے نہ دلیل ہے، نہ اپیل ہے نہ وکیل ہے
انہوں نے کلثوم، شہبازشریف اور مریم نوازکی طرف سےکارکنوں کو این اے120کی جیت کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ این اے 120کا ہر ووٹر مبارکباد کا مستحق ہے،یہاں پر کامیابی ہماری تاریخ کا سنہرہ ورق بن چکی ہے، وقت کی عدالت نے حق کی گواہی دی ہے،نوازشریف کےخلاف آنے والا فیصلہ اصل فیصلہ نہیں۔
نوازشریف کا کہنا ہے کہ اصل فیصلہ این اے 120 کے عوام نے دیاہے،یہاں برتری 15ہزار کی نہیں ڈیڑھ لاکھ کی ہے، میرے پاس الفاظ نہیں کہ کارکنوں کا شکریہ ادا کرسکوں،آج کا جذبہ سلامت رہاتوپاکستان آگےبڑھےگا، نوجوانوں، بزرگوں، خواتین، وکلاء بتائیں یہ جذبہ سلامت رہے گا؟
انہوں نے مزید کہا کہ پرانی روایتیں دم توڑجائیں گی،پاکستان آگے بڑھے گا، لندن میں نعرہ سناتھاکہ یہ جو کالا کوٹ ہے میاں تیرا ووٹ ہے،یہ واقعی سچ ہے،2013ء میں ہونے والی 18، 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کہاں گئی؟ نوازشریف نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا، کسی حکومت نے ایسے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے نو منتخب صدر کا مزید کہنا تھا کہ کیا ہماری طرح کسی حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے،بیس سال میں لگنے والے کارخانے بیس بیس مہینوں میں لگائے ہیں،آج کارخانے بجلی پیدا کررہے ہیں، ملک کے کونے کونے سے لوڈشیڈنگ کاخاتمہ ہورہاہے۔
انہوں نے کہا کہ سی این جی اسٹیشنز پرگاڑیوں کی قطاریں ہوتی تھیں،آج کہیں قطارنظرآتی ہے؟پٹرول کی قیمت 160 روپے سے کم ہوکر 60 ، 70 تک آگیا تھا،پاکستان آگےبڑھ رہا تھا اور نوازشریف کی نااہلی کی تلوار چلادی گئی،مجھے تو سمجھ نہیں آتا،آپ کو سمجھ آتا ہے تو آپ بتائیں کہ مجھے کیوں نکالا گیا؟نوازشریف نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اس لیے اسےنااہل کردیاگیا۔
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کارکنوں سے وعدہ لیاکہجو کروں گا میرا ساتھ دو گے؟
انہوں نے کہا کہ ایسا جذبہ نوازشریف نے پہلے کبھی نہیں دیکھا،یہی جذبہ پاکستان کی تقدیر بدلے گا۔













