وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ بیان مثبت ہے اور سمجھتا ہوں کہ امریکا نے پاکستان کے نقطہ نظر کو بہتر سمجھا ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ امریکا کو ہمارا نقطہ نظر بہتر لگا جبکہ رواں ماہ ہی امریکی وزیر داخلہ اور خارجہ دونوں پاکستان آرہے ہیں جس سے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا امریکا سے کئی برسوں سے تعاون جاری ہے جس کا ہمیں نقصان ہوا ہے اور کبھی فائدہ نہیں ہوا۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کا ساتھ دینے کے باوجود ہم پر دہشت گردی کے الزامات لگے تاہم یہ ساری باتیں امریکا میں مختلف فورمز پر اٹھائی تھیں جس کے اب مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دو روز قبل پاک فوج کی جانب سے امریکی-کینیڈین جوڑے کی طالبان کی حراست سے بازیابی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے اچھا عمل قرار دیا تھا۔












