جنوبی افریقہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے ٹیم رینکنگ میں بھارت سے ٹاپ پوزیشن چھین کر دوسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے جبکہ پاکستان کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔

آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کی بدولت ایک درجہ ترقی کے ساتھ دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔

تاہم پوزیشن کے دفاع کیلئے اسے بنگال ٹائیگرز کے خلاف 3-0 سے کامیابی حاصل کرنا ہو گی جبکہ بھارتی ٹیم تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلی گئی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول ون ڈے سیریز میں بھارت کے پاس دوبارہ ٹاپ پوزیشن پانے کا موقع ہو گا اور ہدف کے حصول کیلئے اسے کیویز کو 3-0 سے ہرانا ہو گا۔

نئی درجہ بندی میں آسٹریلیا تیسرے، انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں اور سری لنکا آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY