مردم شماری کے بعد حکومت نے قومی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وفاقی حکومت نے کیا ہے، اس حوالےسے ا سپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت منگل کو ہونے والے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہ نماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی 272جنرل نشستوں کو صوبوں کے درمیان از سرنو تقسیم کیا جائے گا، باضابطہ اعلان کل اسپیکر کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں کیا جائے گا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے فارمولے کے تحت پنجاب سے قومی اسمبلی کی نو نشستیں کم ہوجائیں گی، جس کے بعد مردم شماری کے عبوری نتائج کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 148سے کم ہو 141رہ جائے گی، خواتین کی مخصوص نشستیں بھی 35 سے کم ہو کر 33 رہ جائیں گی۔
خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 35 سے بڑھ کر 39 ہو جائیں گی، مخصوص نشستیں بھی 8 سے بڑھ کر 9 ہو جائیں گی۔
بلوچستان سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 14 سے بڑھ کر 16 جبکہ خواتین کی مخصوص نشستیں 3 سے بڑھ کر4ہو جائیں گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی بھی ایک نشست بڑھے گی، جبکہ سندھ اورفاٹا کی نشستوں میں کوئی کمی بیشی نہیں کی جائے گی، یہاں کی نشستوں کی تعداد پہلے جتنی ہی رہے گی۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر کی زیر صدارت پارلیمانی رہ نماؤں کے اجلاس میں مردم شماری کی عبوری رپورٹ جلد جاری کرنے اور نئی حلقہ بندیاں کرنے کی منظوری بھی دی جائے گی












