قارئین کرام عالمی اخبار آپکی خاص توجہ کا شکرگزار ہے جس طرح آپ نے عزیزم نگہت نسیم کی آپ بیتی کو پزیرائی دی ہے۔ ڈاکٹر نگہت نسیم خود ہمہ جہت ڈاکٹر ہیں اور تخلیق کار بھی اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے دونوں جہتوں کی ذمیداری ادا کرتے ہوئے عام لوگوں کے لیئے اپنا کینسر کا تجربہ تحریر کرنا شروع کیا ہے جسکا مقصد معلومات اور تعلیم ہے اور آپکی دعائیں اس تحریر کا اضافی سود ہیں۔
بہت سے دوستوں نے اس آپ بیتی تصویر بدلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے میری درخواست ہے کہ یہ تصویر اس آپ بیتی کی مکمل کہانی ہے۔ بے یقینی سے یقین کے سفر کی عکاس ہے۔ ہمیں حقیقت کا سامنا کرنے کے لیئے تیار ہی نہیں کیا جاتا۔ آپ کو آنے والی اقساط میں ایسے موضوعات پر بھی گفتگو ملے گی جو ہمارے معاشرے میں بلاوجہ ٹیبو بنا دیئے گئے ہیں
آپکی توجہ اور دلچسپی کی وجہ سے ہم نے طے کیا ہے کہ اس تحریری سلسلے کو روزانہ کی بنیاد پر شائع کریں گے اور وقت اشاعت پاکستان کے وقت کے مطابق رات بارہ بجے آسٹریلیا صبح پانچ بجے اور برطانیہ رات آٹھ بجے ہو گا
صفدر ھمدانی
مدیر وعلیٰ۔عالمی اخبار
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جمعرات پانچ مئی کو ڈاکٹر مدحت سید کے سامنے میں بیٹھی ہوئی تھی ۔۔ بیماری پر گفتگو ہوئی ۔۔ اففف پھر تو جیسے انویسٹیگیشن کے در ہی کھل گئے تھے ۔۔۔۔۔۔
بلڈ ٹیسٹ دو ہفتے پہلے ہی کروائے تھے ۔۔ الحمداللہ سب ٹھیک تھے ۔
سو ڈاکٹر مدحت نے الٹرا ساؤنڈ کی تجویز بڑی تشویش کے ساتھ سامنے رکھ دی جس کا مجھے بھی اندازہ تھا ۔ اس کا خیال تھا کہ مجھے پیٹ کے نچلے حصے کے بیرونی الٹراساؤنڈ
( Transabdominal Pelvic Ultersound )
کے ساتھ ساتھ اندرونی یعنی ویجائنل الٹرا ساؤنڈ
( Trans Vagianl Ulterasound)
بھی کروانا چاہیئے کہ اس سے بچہ دانی کی صورتحال کا بہتر اندازہ ہو گا ۔ عورتیں ویجائنل الٹرا ساؤنڈ سے اجتنباب کرتی ہیں کہ ایک تو ویجائینا کی اندرونی پرت بہت حساس ہوتی ہے اور الٹرا ساؤنڈ کی سٹک نما آلے پروب کے اندر جانے سے درد بھی ہوتی ہے اور اندرنی پرت سے رگڑ کھانے پر خون بھی آ سکتا ہے ۔ لیکن چونکہ یہ اندرنی اعضاء کے بہتر نتائج کو واضح کرتا ہے اس لیئے ایسے نازک معاملات میں اسے فوقیت دی جاتی ہے ۔
ڈاکٹر مدحت ایکسرے کلینک میں جو اس کی سرجری کے ساتھ ہی تھی، وہاں فون کر کے اپوائنمنٹ بنا چکی تھی ۔ الٹرا ساؤنڈ ایک دن کے بعد ہونا طے پایا اور ریسیپشن پر الٹرا ساؤنڈ سے پہلے ایک لیٹر پانی کی ہدایت بھی مل چکی تھی ۔ میں آپ کو بتاتی چلوں کہ بیرونی الٹرا ساؤند
( Transabdominal Pelvic Ultersound )
کے لئے پانی پینا بہت ضروری ہوتا ہے تاکہ مثانے
( Urinary Bladder )
جو پانی ہونے کی وجہ سے کالا نظر آتا ہے اور بچہ دانی
( Uterus )
کا موازانہ کیا جا سکے جبکہ ویجائنل الٹرا ساؤنڈ کے لئے دو باتیں اہم ہوتی ہے ایک تو الٹرا ساؤنڈ کرنے والا ماہر ہو اور مثانے میں پانی نہ ہو ۔ اس سارے عمل میں ایک گھنٹے سے زائد لگتے ہیں ۔
میرے دونوں الٹرا ساؤنڈ اپنے طے شدہ وقت پر ہو چکے تھے ۔۔ الٹرا ساؤنڈ کی رپورٹ لے کر دوبارہ ڈاکٹر مدحت سید کے پاس گئی کہ رپورٹ میں آیا تھا کہ بایئوپسی ضروری ہے کہ رحم کے اندر کی پرت
( Endometrium )
یعنی لائینگ کی موٹائی
( Endometrial Thickening )
گیارہ ملی میٹر ہے جبکہ میری عمر کی عورتوں میں پانچ پانچ ملی میٹر سے کم ہونا چاہیئے ۔ اس کے علاوہ ایک غدود / پولپ
بھی تھا جسے نکالنا ضروری تھا۔ اس لیئے نہیں کہ یہ کینسر ہو سکتا ہے بلکہ اس سے خون بہنےکے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔ لیکن اس وقت جو بات سب سے اہم اور توجہ طلب تھی وہ یہ تھی کہ بچہ دانی کی اندرونی پرت کی تبدیلی کینسر
( Endometral Cancer )
کی علامت بھی ہو سکتی ہے یا پھر محض خلیات کا جمع ہونا یعنی
( Uterine Hyperplasia)
بھی ہو سکتا ہے ۔
مجھے یوں لگا جیسے
Endometral Cancer اور Uterine Hyperplasia
جیسے الفاظ میڈیکل لغت میں ابھی ابھی ایجاد ہوئے ہوں اور میں ان کے بارے کچھ نہیں جانتی ۔۔۔ میں خاموشی سے سب کچھ ہوتا دیکھ بھی رہی تھی اور اپنی ڈاکٹر کی باتیں سن بھی رہی تھی۔
ڈاکٹر مدحت سید نے سڈنی کی مشہور گائیناکولوجسٹ ڈاکٹر رابعہ شیخ کو میرے سامنے وٹس اپ پر وائس میسج کیا “ پلیز ڈاکر نگہت کو کیسے بھی اپنی کنسلٹیشن لسٹ پر ایڈجسٹ کرو “ اور ساتھ ہی میری رپورٹ بھی وٹس اپ کر دی ۔ ڈاکٹر رابعہ شیخ نے فورا میسج کر دیا کہ نگہت سے کہو مجھے تیس مئی پیر کی شام کو مل لے ۔۔ ٹائم اس کی سیکریٹری مجھے فون پر بتا دے گی ۔ ڈاکٹر مدحت سید کا الٹرا ساؤنڈ کی رپورٹ کو اتنی بردباری ، تیزی سے ایک ایمرجنسی کی طرح سنبھالنا مجھے اس کا مزید گرویدہ کر گیا ۔ مجھے فخر ہوا کہ وہ ہماری فیملی فزیشین تھی ۔
ڈاکٹر رابعہ شیخ آسٹریلیا کی اور خاص طور پر نیو ساؤتھ ویلیز کی جانی مانی ذہین ترین گائیناکولوجسٹ اور
( Infertility Specialist)
ہے ۔ اس کے ہاتھ میں کتنی شفا ہے وہ انتظار گاہ میں بیٹھے مریضوں کی گفتگو اور ان کے چہرے کا اطمینان بتا دیتا ہے ۔۔ میری بیٹی آمنہ کی
( Ovarian Cyst)
کا علاج بھی رابعہ ہی نے کیا تھا ۔۔ ویسٹ میڈ پرایئوٹ ہسپتال سے منسلک اس کے کمرے سے باہر آفتاب کے ساتھ میں اپنی باری کا انتظار کر رہی تھی ۔ پھر میری باری آ ہی گئی ۔۔اور آفتاب کو تسلی دے کر اکیلی ہی میں اس کے روم کی طرف چل دی ۔
رابعہ کے ملکوتی چہرے کا نور ار دلدار آواز ماسک سے چھن چھن کر باہر آرہی تھی
دیکھو نگہت تمہاری ہسٹری اور الٹراساؤنڈ بتا رہے ہیں کہ ہمیں مزید تحقیق کی ضرورت ہے
جی رابعہ جانتی ہوں
پھر یوں کرتے ہیں 25 مئی بدھ ہے اور میری لسٹ ہے ۔۔اس دن تمہیں بک کر رہی ہوں ۔۔۔
جنرل انیسیتھزیا میں اندرونی چیک اپ
Hysteroscopy , Polypectomy and Biopsy
کر لیتے ہیں تاکہ صورتحال سامنے آ جائے ۔
یعنی Cancer ہے کہ
Hyperplasia
ہے جاننا تو ہوگا
یس اور یہ کہ پولپ بھی نکال دونگی ۔۔ لیکن اگر مجھے مائیکروسکوپ یعنی
( Hysteroscopy )
پر کچھ ابنارمل نظر آیا تو میں صرف بایئوپسی کرونگی جو کہ تیس منٹ سے زیادہ وقت نہیں لگےگا ۔
آل رائٹ
میں نے پوری طاقت اور پورے یقین سے کہا۔۔۔۔ آل رائٹ ۔۔ آئی ایم ریڈی ۔۔( میں تیار ہوں )
جاری ہے
ڈاکٹر نگہت نسیم














ہمت اور بہادری کی اعلی مثال۔محبت کی پیمبر تو آپ ہمیشہ سے ہیں آپ کو اللہ مزید ہمت صحت طاقت اور توانائ عطا، فرمائے اورشفائے کاملہ سے نوازے آمین