پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدرڈاکٹرعاصم حسین نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کی ہے۔
ڈاکٹر عاصم حسین نےفاروق ستار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جہاں انہوں نےآصف زرداری کا خصوصی پیغام فاروق ستار کو پہنچایا ۔
ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کے فروغ اور سیاسی رہنماؤں کی دیگر جماعتوں میں شمولیت کے معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔
ڈاکٹر عاصم نےمزید کہا کہ ہمیں مفاہمت اور افہام و تفہیم کی فضا کو فروغ دینا چاہیے اور مستقبل میں صوبے کے عوام کی بہتری کے لیے ساتھ چلنا چاہیے۔
اس موقع پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وفاداریاں تبدیل کراکر مصنوعی سیاست دانوں کو سانس دینے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن اب دباؤ کی سیاست ختم ہونی چاہیےجبکہ احتساب کے عمل کو شفاف بنا کر بلا تفریق پورے ملک میں احتساب کرنا چاہیے۔












