یہ عظیم لغت 22 جلدوں پر مشتمل ہے اور اس میں دو لاکھ 64 ہزار الفاظ شامل ہیں۔ اس لغت کی وسعت اور ہمہ گیری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں صرف ایک لفظ ‘دل’ اور اس کے متعلقات 112 صفحات پر محیط ہیں۔
یہ ڈکشنری اردو لغت بورڈ کی کاوش ہے۔ اس خصوصی ادارے کا قیام بابائے اردو مولوی عبدالحق کی کاوشوں سے 1958 میں ہوا تھا اور اس کا ماڈل اوکسفرڈ انگلش ڈکشنری کی طرز پر تیار کیا گیا تھا جس کے تحت اردو کی ایک ایسی جامع لغت تیار کی جانی تھی جو ‘محض لفظوں اور معنوں کا انبار نہیں بلکہ ہمارے تاریخی ، تہذیبی سفر کو آئینہ بھی کرتی ہے۔’
لغت تیار کرنے کی یہ مہم 52 برس کے بعد 2010 میں اس وقت اختتام پذیر ہوئی جب اس کی 22ویں اور آخری جلد شائع ہوئی۔
تاہم اس کے بعد سے بڑے اس لغت کے مکمل سیٹ کی دست یابی ایک مسئلہ بنی رہی۔ کبھی ایک جلد کم ہوجاتی تھی کبھی دوسری ۔ سال بھر پہلے جب میں نے اس ادارے کے مدیر اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالی تو اس وقت اس لغت کی چھ جلدیں کم تھیں اور جوجلدیں دست یاب تھیں ان پر کوئٰ ڈسکاونٹ بھی نہیں تھا۔
خدا خدا کرکے ایک سال میں یہ چھ کی چھ جلدیں دوبارہ چھپ گئیں اور ان پر مکمل سیٹ کی خریداری کی صورت میں پچاس فیصد ڈسکاونٹ بھی بحال کردیا گیا۔ جس کے لیے میں قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے سکریٹری انجینٰر عامر حسین اور وزیر اعظم پاکستان کے مشیر جناب عرفان صدیقی کا بطور خاص ممنون ہوں۔
اب 22 ضخیم جلدوں( کل صفحات 22000 ) پر مشتمل اردو لغت مکمل سیٹ کی قیمت /50400 روپے مقرر کی گئی ہے اور یہ ٪50 رعایت پر اردو لغت بورڈ کے صدر دفتر ایس ٹی 18، بلاک 5، گلشن اقبال سے /25200 روے میں دستیاب ہے۔ لغت کی جلدیں علاحدہ علاحدہ بھی دست یاب ہیں۔ الگ الگ جلدیں خریدنے کی صورت میں رعایت ٪ 40 ہوگی ۔
اردو لغت ( تاریخی اصول پر) کا آن لائن ورژن بھی بلاقیمت فراہم کردیا گیا جس سے اردو لغت بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ
www.udb.gov.pk
پر استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ اینڈرائڈ فونز اور آئی فون استعمال کرنے والے احباب کے لیےاس لغت کی موبائل ایپ بھی تیار کرلی گئی ہے جسے پلے اسٹور سے
urdu lughat
لکھ کر انسٹال کیا جاسکتا ہے ۔
عقیل عباس جعفری












