احتساب عدالت نے ٹرانزیکشن اور واوچرز کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔

0
608

شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں العزیزیہ ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ یاسر شبیر نے بیان قلمبند کرا دیا۔ عدالت نے نواز شریف کے وکیل کی بینک اسٹیٹمنٹ کی سمری کو ریکارڈ کا حصہ نہ بنانے کی استدعا مسترد کر دی۔ احتساب عدالت نے ٹرانزیکشن اور واوچرز کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔

گواہ یاسر شبیر نے بتایا کہ ہل میٹل کمپنی سے مریم صفدر کے اکاؤنٹ میں 5 کروڑ 71 لاکھ منتقل ہوئے، مریم صفدر کے اکاؤنٹ میں کوئی بے ضابطگی نہیں پائی گئی، تمام ٹرانزیکشنز مریم صفدر نام کے اکاؤنٹ میں کی گئیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدراحتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ نواز شریف اور مریم نواز لاہور سے نجی طیارہ کے ذریعے اسلام آباد پہنچے۔ عدالت کی طرف سے جانے کی اجازت ملنے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز واپس چلے گئے۔ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر لیگی رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

خیال رہے نواز شریف فیملی کے خلاف فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنسز کی اب تک 16، 16 اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی 20 سماعتیں ہو چکی ہیں۔ نواز شریف 9، مریم نواز 11 جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر 13 مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ تینوں ریفرنسز میں اب تک استغاثہ کے 8 گواہ بیان قلمبند کرا چکے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY