ایشیا کپ میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں 228 رنز سے شکست کے ساتھ ہی گرین شرٹس کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات بھی کم ہوگئے ہیں۔ ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستان ٹیم کو 17 ستمبر کے ٹائٹل میچ میں پہنچنے کے لیے دوسری ٹیموں کے نتیجے کا انتظار کرنا پڑے گا۔
کولمبو میں دو دن پر محیط میچ میں بھارت کی جیت کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل کی صورتِ حال کافی دلچسپ ہوگئی ہے۔ اس وقت ایک ایک میچ کے بعد بھارت اور دفاعی چیمپئن سری لنکا کے دو دو پوائنٹس ہیں جب کہ دو میچز کھیلنے والی پاکستان ٹیم کے بھی دو پوائنٹس ہیں۔
نیٹ رن ریٹ کے لحاظ سے بھارت سب سے آگے ہے جس نے چار اعشاریہ پانچ چھ کے نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ صفر اعشاریہ چار دو کے ساتھ سری لنکا کا دوسرا نمبر ہے جب کہ منفی ایک عشاریہ آٹھ نو دو کے ساتھ گرین شرٹس تیسری پوزیشن پر ہیں۔
ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو نہ صرف 14 ستمبر کو اپنا اگلا میچ سری لنکا سے جیتنا ہوگا بلکہ بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی تاکہ ان کا نیٹ رن ریٹ بھی بہتر ہوسکے۔
سری لنکا کے پاس بھی اس وقت دو مواقع ہیں۔ منگل کو دفاعی چیمپئن ٹیم کا مقابلہ بھارت سے ہوگا جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی پوزیشن واضح ہوجائے گی۔ جیتنے والی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کرے گی جس کے بعد باقی دو میچز ڈو اور ڈائی کی صورتِ حال اختیار کر لیں گے۔
پاکستان کو فائنل میں جگہ بنانے کے لیے کن غلطیوں سے سیکھنا ہوگا؟
ایونٹ کے سپر فور مرحلے میں جگہ بنانے والی بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے ہی دو میچز ہار کر ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے اور اس کا فائنل میں پہنچنا ناممکن ہے۔ اس کے ساتھ کس ٹیم کا سفر فائنل سے پہلے ختم ہوگا؟ اس کا فیصلہ 14 ستمبر کو ہوجائے گا جب پاکستان کی ٹیم سری لنکا کے مدمقابل ہوگی۔
اس میچ سے قبل اگر سری لنکا نے بھارت کو شکست دے دی تو اسے فائنل میں رسائی کے لیے صرف پاکستان کو شکست دینا ہو گی کیوں کہ اس کا رن ریٹ بہتر ہوگا۔ البتہ اگر پاکستان نے سری لنکا کو بڑے مارجن سے ہرا دیا تو فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔
تاہم جس طرح پاکستان کی ٹیم بھارت کے خلاف کھیلی اس سے ہر کوئی ہی نا خوش نظر آیا۔ اگر گرین شرٹس نے اگلے میچ میں بہتر کھیل نہ پیش کیا تو وہ ایشیا کپ سے باہر ہونے والی دوسری ٹیم بن جائے گی جس سے کھلاڑیوں کا مورال بھی متاثر ہوگا اور آگے آنے والی ورلڈ کپ کی تیاریوں کو بھی دھچکا لگے گا۔
بھارت کے ساتھ میچ کے دوران پاکستان کو متعدد نقصان اٹھانا پڑے۔ سلمان علی آغا بیٹنگ کے دوران گیند لگنے سے زخمی ہوئے جب کہ بالنگ کے دوران نسیم شاہ اور حارث روؤف انجری کا شکار ہوئے ۔












