بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ جب تک پاک بھارتے تعلقات میں مزید بہتری نہیں آتی اس وقت تک دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے مقابلوں کا انعقاد نہیں ہوسکتا ،اپنے ایک تازہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں جبکہ دونوں ممالک کے افواج کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے اور سرحدوں پر تنائو کی کیفیت طاری ہے ایسے وقت میں دونوں ممالک کے کھلاڑی گرائونڈ میں اپنی سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کیسے کرسکتے ہیں

دبائو میں رکھ کر کھلاڑیوں کو کھیلنے پر مجبور کرنے سے بہتر ہے کہ موزوں وقت کا انتظار کیا جائے اور جیسے ہی دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی ہو اور حالات پھر سے بہتر ہوجائیں کرکٹ میچز کا انعقاد کر دیا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کئی بار بھارت نہ صرف دورہ پاکستان بلکہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کھیلنے سے بھی انکار کرچکا ہے ۔ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے کئی بار اس کا دورہ پاکستان اور پاکستانی ٹیم کا دورہ بھارت منسوخ ہوا۔

قابل ذکر امر یہ ہے کہ بھارت دونوں ملکوں کے درمیان ہوم اینڈ اوے سیریز کھیلنے سے انکاری ہے مگر بین الاقوامی ایونٹس مثلاً ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ، ففٹی اوورز ورلڈ کپ اور ایشیا کپ جیسے ایونٹس میں پاکستان کا مقابلہ کرنے سے نہیں کتراتا ۔ ماضی قریب میں ہی پاکستان کے ہاتھوں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں فخر زمان کی شاندار سنچری اور پاکستانی بائولرز کی زبردست کارکردگی کی وجہ سے بھارت کو ذلت آمیز شکست کا زخم بھی جھیلنا پڑا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY