پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے سابق سربراہ اور سیاست دان ایئر مارشل (ر) اصغر خان انتقال کر گئے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اصغر خان کی نمازِ جنازہ کل (6 جنوری کو) ان کے آبائی علاقے نواں شہر ایبٹ آباد میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان الیاسی مسجدنواں شہر میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
سابق ایئر مارشل پاک فضائیہ کے پہلے مقامی سربراہ تھے جنہوں نے 35 برس کی عمر میں ایئر فورس کی کمان سنبھالی تھی۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ ایئرمارشل (ر) اصغر خان کی عمر 96 برس تھی اور وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔
ایئرمارشل (ر) اصغر خان کے انتقال پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کی طرف سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔
ائیر چیف مارشل کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ائیر مارشل (ر) اصغر خان نے انتہائی جانفشانی اور بہادری سے ایک نو زائیدہ ائیر فورس کی قیادت کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ائیر مارشل (ر) اصغر خان نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاک فضائیہ کو جدید فضائی قوت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ائیر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ ائیر مارشل (ر) اصغر خان اعلیٰ کردار ، غیر معمولی پیشہ وارانہ صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے پیکر تھے۔
ایئر مارشل (ر) اصغر خان پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے صدر کے عہدے پر بھی تعینات رہے تھے۔
پاک فضائیہ کے سابق سربراہ نے سیاست میں بھی اہم کردار ادا کیا اور انہوں نے 1970 میں اپنی سیکیولر سیاسی جماعت تحریک استقلال کی بنیاد رکھی تھی، یہ جماعت 2013 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں ضم ہوگئی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے بھی ایئر مارشل (ر) اصغر خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصغر خان اصول پرست اور دیانتدار آدمی تھے













