عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شاہی محل کے اندر احتجاج کرنے پر گیارہ سعودی شہزادوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شہزادے سرکاری خزانے سے یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی بند کرنے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ سیکیورٹی حکام کی جانب سے بار بار شہزادوں کو محل چھوڑنے کا کہا گیا لیکن وہ احتجاج کرتے رہے جس انہیں گرفتار کرکے جیل منتقل کیا گیا ہے۔ گرفتار شہزادوں کے خلاف مقدمہ چلائے جانے کا امکان ہے۔
حکام نے گرفتار شہزادوں کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ ہی اس کارروائی کے حوالے سے کوئی تفصیل جاری کی ہے تاہم کہا گیا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہے اور قواعدو ضوابط سب پر لاگو ہوتے ہیں کوئی شخص خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو قانون سے بالاتر نہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے کرپشن اور احتساب کی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے بدعنوانی میں ملوث کئی موجودہ اور سابق اعلیٰ حکام سمیت شاہی خاندان کے درجنوں افراد کو گرفتار کر رکھا ہے ۔












