ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر بننے والی بالی ووڈ فلم ”گل مکئی “اگلے ماہ 31 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔
بھارتی ہدایتکار امجد خان کی ہدایتکاری اور آنند کمار کی پروڈیوس کردہ ملالہ یوسف کی بائیو پک ”گل مکئی “میں بھارتی چائلڈ سٹار ریم شیخ ملالہ کے روپ میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔
ریم شیخ نے 2009ء میں چائلڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور مشہور انڈین ڈرامہ یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے سے ان کی پہچان بنی۔
فلم کی دیگر کاسٹ میں دیویا دتہ، مکیش رشی، ابھیمنیو سنگھ اور اعجاز خان شامل ہیں۔ بھارت کے ایک تجارتی تجزیہ کار ترن آدرش کے ایک ٹویٹ کے مطابق یہ فلم 31 جنوری 2020ء کو جاری کی جائے گی۔
…………………………
لڑکیوں کی تعلیم کے لئے کام کرنے والی دنیا کی سب سے کم عمر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر بنائی جانے والی بالی ووڈ فلم ’گل مکئی‘ کی مقبوضہ کشمیر میں شوٹنگ جاری ہے۔
فلم میں بھارتی ٹی وی اداکارہ ریم شیخ ملالہ یوسف زئی کا کردار ادا کررہی ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں دیویا دتہ، مکیش راہی، ابھیمانیو سنگھ اور اعجاز خان شامل ہیں جبکہ 150کے قریب مقامی فنکار بھی فلم کا حصہ ہیں۔
ریم شیخ جانی پہچانی چائلڈ اسٹار ہیں، انہوں نے 2009ء میں ٹی وی ڈراموں سے اپنے کیریئرکا آغاز کیا، اُن کے مشہور ڈراموں میں ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘، ’دیا اور باتی ہم‘ اور دیگر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وہ امیتابھ بچن اور فرحان اختر کی فلم ’وزیر‘ میں بھی کام کرچکی ہیں۔
آنند کمار کی پروڈکشن میں بننے والی فلم میں ہدایت کار کے فرائض امجد خان انجام دے رہے ہیں۔
مقبوضہ وادی میں فلم کی شوٹنگ3جنوری سے شروع ہوئی جو مزید 10روز تک جاری رہے گی جبکہ فلم رواں سال جون میں ریلیز کی جائے گی۔













