پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے چار گولیاں لگی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جو حملہ کیا گیا اس کی تفصیلات بعد میں بتاؤں گا، ان لوگوں نے وزیرآباد یا گجرات میں مجھے مارنے کا پلان کیا ہوا تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اس سے پہلے میں قوم کے سامنے پچھلے چھ مہینے میں ہونے والے ایونٹس رکھنا چاہتا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ قوم نے فیصلہ کیا کہ جو لوگ 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے ہیں ان کا ساتھ نہیں دینا، حکومت سے نکالنے کے بعد جس طرح قوم نے میری پذیرائی کی میں تو خود حیران رہ گیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ لوگ سمجھ رہے تھے کہ پی ٹی آئی ختم ہو جائے گی، 17 جولائی کے ضمنی الیکشن میں تمام تر دھاندلی کے باوجود پی ٹی آئی کامیاب ہوئی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے ایک دن پہلے پتہ تھا کہ وزیرآباد یا گجرات میں مجھے مارنے کا فیصلہ ہوا تھا۔
قوم سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس کے ساتھ ہوا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ڈونلڈ لو دھمکی دیتا ہے کہ عمران خان کو نہ ہٹایا گیا تو پاکستان کا نقصان ہوگا اور اگلے دن منڈی لگتی ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے تو کبھی نہ ہارتے مگر ہم نے خریدوفروخت کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت گرنے کے بعد سارے یہ سمجھ رہے تھے کہ عوام مٹھائی بانٹے گی مگر اس کے برعکس ہوا اور جس طرح عوام سڑکوں پر نکل آئے میں خود حیران ہوگیا ۔













