پیر آف سیال شریف حمید الدین سیالوی کے مطالبے پر قائم کمیٹی نے وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کی وضاحت قبول کرلی ہے ۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ وہ ختم نبوت پر مکمل ایمان رکھتے ہیں اوریہ عقیدہ مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔

عقیدہ ختم نبوت پر رانا ثناءاللہ سے وضاحت کےلیے قائم کمیٹی کے رکن ، حمیدالدین سیالوی کے بھتیجے ایم پی اے نظام الدین سیالوی نے جیو نیوز کو بتایا کہ کمیٹی کا اجلاس ماڈل ٹاون میں ہوا۔

اجلاس میں پیر ریاض حسین، مفتی عبدالعلیم، مولانا رحمت اللہ اور وزیر اوقاف زعیم قادری نے رانا ثناءاللہ کاموقف سنا اوراس پر اطمینان کا اظہار کیا ، حمزہ شہباز بھی کچھ دیر اجلاس میں موجود رہے۔

وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ختم نبوت پر مکمل ایمان ہے اور عقیدہ ختم نبوت ان کے ایمان کا لازمی جزو ہے اورقادیانی دائر ہ اسلام سے خارج ہیں ۔

نظام الدین کا کہناتھاکہ رانا ثناءاللہ کا موقف قابل اطمینان ہے ، انہوں نے تحفظات دور کردیئے ہیں ۔

اس سوال پر کہ پیر صاحب کے صاحبزادے قاسم نے کمیٹی پر عدم اطمینا ن کیا ہے ، نظام الدین سیالوی نے کہا کہ وہ جذباتی آدمی ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY