مانچسٹر(پریس ریلیز)پریس کلب آف پاکستان یوکے کا ماہانہ اجلاس تنظیم کے صدر پرویز مسیح مٹو کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں نظامت کے فرائض سیکرٹری غلام رسول شہزاد نے سرانجام دئیے – اجلاس میں پاکستان کے ممتاز صحافی اور اینکرارشد شریف کے کینیا میں المناک قتل پر انتہائی دکھ او ررنج کا اظہار کیا گیا – اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محبوب الٰہی بٹ ’ نصر اللہ خان مغل اور سموئیل جیکب نے واضح کیا کہ مرحوم ایک بلند پایہ صحافی تھے جن کی مسائل پر بہترین دسترس حاصل تھی -ان کی موت سے جہاں پاکستان کی صحافی برادری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے وہیں پر یہ پوری قوم کا ایک ایسا نقصان ہے جو کبھی پورا نہیں ہوسکے گا- مقررین نے زوردیا کہ اس موقع پر قوم کو کسی سنسنی خیزی کا شکار نہیں ہونا چاہئیے اور نہ ہی بغیر کسی ثبوت کے کسی حکومتی یا اپوزیشن کے حکمرانوں پر ناجائز بہتان لگانا چاہئیے بلکہ اس قتل کی تحقیقات کا انتظار کرنا چاہئیے – مقررین نے اس امر پر حیرانی کااظہار کیا کہ پاکستان میں فرانزک کے ماہر پوری دنیا میں مشہور ہیں حتیٰ کہ مائیک ٹائسن کا کیس بھی پنجاب کی فرانزک ٹیم کے سپرد کیا گیا – کیا وجہ ہے کہ حکومت نے جب تفتیشی ٹیم کینیا بھیجی تو اس میں فرانزک کے ماہرین کو شامل نہیں کیا گیا – اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت کینیا سے سرکاری طور اس قتل کی رپورٹ طلب کی جائے – اجلاس میں ارشد شریف کی ہلاکت کو سیاسی طور پر استعمال کرنے والے عناصر کی شدید مذمت کی گئی اور واضح کیا گیا کہ جب تک قتل کی مکمل رپورٹ سامنے نہیں آجاتی پریس کلب آف پاکستان یوکے کے ارکان کسی احتجاج کا حصہ نہیںبنیں گے – ہم اس سلسلے میںسرکاری رپورٹ کا انتظارکریں گے جس کے بعد کوئی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا-













