ان خبروں کے بعد کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اپنے وزیردفاع یووگیلنٹ کو برطرف کرنے پر غور کر رہے ہیں، اسرائیل کے سیاسی منظر نامے پر ہلچل مچ گئی اور ملک کی مالیاتی منڈیوں میں حصص کی قیمتں گر گئی ہیں۔
اسرائیل کے بڑے ٹی وی چینلز اور نیوز ویب سائٹس نے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ نیتن یاہو، اپنے انتہائی دائیں بازو کےاتحادیوں کے دباؤ میں وزیر دفاع گیلنٹ کو برطرف کر کے ان کی جگہ اپنے ایک سابق اتحادی گیڈون سار کو، جو اب حزب اختلاف میں شامل ہو چکے ہیں،اس عہدے پر تقرر کرنا چاہتے ہیں۔
اس طرح کا اقدام اسرائیل کے سیاسی اور سیکیورٹی کے منظرنامے کے لیے ایک بڑا جھٹکا ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر ایک ایسے موقع پر جب لبنان میں ایران کے حمایت یافتہ عسکری گروپ حزب اللہ کے ساتھ اسرائیل کی جنگ پھیلنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔
ان خبروں کے سامنے آنے کے بعد مالیاتی منڈیوں میں ڈالر کے مقابلے میں اسرائیلی سکے شیکل کی قدر گھٹ گئی، تل ابیب کے بازار حصص میں شیئرز ایک اعشاریہ 6 پوائنٹ تک گر گئے اور افراط زر کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا۔













