وزیرمملکت مریم اورنگ زیب نے سینیٹ میں چیئرمین کے انتخاب میں شکست کے بعد اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج ایوان بالا میں جس طرح انتخاب ہوا ہے اس سے غیرجمہوری عناصر قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے ہمرا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگ زیب نے کہا کہ کل تک ایک دوسرےکوجعلی خان اور چورکہتے تھے وہ آج گلے مل رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کانعرہ لگانےوالوں کا بھیانک چہرہ سامنے آگیا۔
وزیرمملکت نے کہا کہ جیت ہمیشہ اصولوں پر چلنے والوں کی ہوتی ہے اور آج شدید مشکلات کے باوجود بھی نوازشریف اصولوں پر ڈٹ کرکھڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر جمہوری رویوں سے کسی رہنما کو سیاست سے الگ نہیں رکھا جاسکتا اور عوام اصولی رہنما اور ان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مریم اورنگ زیب نے پی پی پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی پی پی کو جو بھرم تھا کہ بھٹو شہید زندہ ہے لیکن آج انھوں نے اپنی حمکت عملی سے بھٹو کو شہید کردیا ہے۔













