پاکستان سپر لیگ کے دوسرے پلے آف میں لیام ڈاسن کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا ہے۔
25 ہزار تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے دوسرے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو بارش نے چار گیندوں بعد ہی میچ میں مداخلت کر دی جس کے سبب میچ آدھے گھنٹے تک روک دیا گیا۔
میچ کا دوبارہ آغاز زلمی کیکئے کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا اور گزشتہ 2 میچوں کے مین آف دی میچ کامران اکمل اور آندرے فلیچر 10 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔
58 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد لیام ڈاسن اور سعد نسیم وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 86 تک پہنچایا لیکن تھسارا پریرا کے عمدہ کیچ نے 9 رنز بنانے والے سعد کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد لیام ڈاسن نے ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی کا بیڑا اٹھایا اور تن تنہا گلیڈی ایٹرز کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا۔
کپتان ڈیرن سیمی سمیت زلمی کے تمام ٹیل اینڈرز ناکامی سے دوچار ہوئے لیکن ڈاسن نے تھسارا پریرا کے ایک اوور میں 21 رنز بٹورنے سمیت مجموعے طور پر 35 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی پوری ٹیم 20ویں اوور کی آخری گیند پر 157 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔












