دنیا کی ان اجڑی زمینوں کے نام جسے آتشی جنگوں نے ویران کر دیا ۔۔۔
شام میں امریکہ برطانیہ فرانس مل کر آگ برسا رہے ہیں ۔۔!
بارود کی مسموم ہواؤں میں ۔۔۔۔
سنو ۔۔!
تم کون ہو ۔۔؟ کہاں سے آئی ہو ۔۔؟
اس سے بھلا کیا بنتا بگڑتا ہے ۔۔؟
تم بھی اپنے کسی پیارے کو چھوڑنے آئی ہو
اور ۔۔ میں بھی
اپنے بہت پیارے کو چھوڑنے آئی ہوں
یہ لو ۔۔
کچھ پھول تم رکھ لو ۔۔ کچھ میں رکھ لیتی ہوں
اپنے شہزادوں پر نچھاور کرنے ہیں نا
تم تو جانتی ہو ۔۔!
بارود کی مسموم ہواؤں میں
پھول کہاں سانس لے سکتے ہیں
ہمیشہ کم پڑ جاتے ہیں ۔۔ مر جو جاتے ہیں
سنو ۔۔۔!
رکو زرا ۔۔!
تمہیں کچھ سنائی دیا ۔۔۔۔۔؟
بنجر ۔۔ چٹخی ۔۔۔ ٹوٹی ۔۔ روندی زمین کا بین
اف نہیں سن پاؤنگی اور ۔۔
پوچھ رہی ہے ۔۔!
اس کے پھول کون دفنائے گا ؟
پھولوں کی قبر پر کون اپنے پھول چڑھائے گا ؟
ڈاکٹر نگہت نسیم













