امریکا نے جوہری ہتھیار استعمال کیا تو ایران بھی اسی نوعیت کا جواب دےگا، ایرانی رکن پارلیمنٹ

0
775

ترک میڈیا کے مطابق ایرانی خبر رساں ادارے سےگفتگو کرتے ہوئے ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن فدا حسین مالکی نے ایران پر ممکنہ امریکی جوہری حملے سے متعلق میڈیا رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئےکہا کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کیا تو ایران بھی اسی نوعیت کا جواب دےگا۔

ان کا یہ بیان ایک میڈیا رپورٹ کے حوالے سے سامنے آیا جس میں امریکا کی جانب سے ممکنہ جوہری حملےکا ذکر کیا گیا تھا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ ایران پر امریکی جوہری حملے کے امکان کو کس حد تک سنجیدہ سمجھتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے کوئی غیر دانشمندانہ اقدام خارج از امکان نہیں، لیکن انہیں نہیں لگتا کہ وہ ایسا کرنے کی جرات کریں گےکیونکہ اس طرح کا اقدام دنیا کو ایک خطرناک جنگ میں دھکیل سکتا ہے۔ اگر ایسا کوئی اقدام کیا گیا تو ایران بھی جواب دے گا اور اس کا ردعمل ایران کے خلاف استعمال کیے جانے والے ہتھیار کی نوعیت کے مطابق ہوگا۔

جب ان سے ہتھیار کی نوعیت سے متعلق وضاحت طلب کی گئی تو انہوں نےکہا کہ امریکا جو بھی استعمال کرے گا ایران اس کا جواب دے گا۔ تاہم انہوں نے واضح طور پر یہ نہیں کہا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں۔

فدا حسین مالکی کا مزید کہنا تھا کہ جب تک امریکا اپنے سابقہ وعدوں پر عمل نہیں کرتا، ایران مذاکرات کی میز پر واپس نہیں آئے گا، بصورت دیگر آبنائے ہرمز سمیت کئی معاملات حل طلب رہیں گے۔

SHARE

LEAVE A REPLY