صنم سعید بھی جنسی ہراسانی کے معاملے پر بول اٹھیں

0
1333

اداکارہ صنم سعید بھی میشا اور علی ظفر کے تنازع پر بول پڑیں۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں علی ظفر پر ایک سے زائد مرتبہ جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا جس کی علی ظفر نے تردید کردی تھی۔

میشا شفیع کی جانب سے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزام پر شوبز شخصیات کا ملا جلا رد عمل سامنے آرہا ہے اور اب صنم سعید نے بھی اس معاملے پر اپنا شدید رد عمل دیا ہے۔ صنم سعید نے ٹوئٹر پر پوسٹ میں کہا کہ اب بہت ہو گیا، اب سب بدلنے کی ضرورت ہے اور ہراساں کرنے والوں کو سامنے لانا ہوگا۔ صنم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ انہوں نے خاموشی توڑ دی جو ان کے لیے اچھا ہے، یہ ہر اس شخص کے لیے اچھا ہے جو آواز اٹھاتا ہے لیکن وہ لوگ جو تنقید کر رہے ہیں وہ یہ کیوں نہیں سوچ رہے کہ ہراساں کوئی بھی کر سکتا ہے، ضروری نہیں وہ کوئی دشمن یا بد کردار شخص ہو، وہ آپ کا دوست، چاہنے والا یا فیملی کا کوئی فرد بھی ہوسکتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ جو افراد کسی کی سچائی پر سوال کررہے ہیں وہ یہ جان لیں کہ جنسی ہراساں کا صرف یہی مطلب نہیں کہ کوئی جسمانی نقصان پہنچا ہو بلکہ جو شخص غیر اخلاقی بات کرے یا کوئی منفی جملہ کسے وہ بھی ہراساں کرنے میں آتا ہے جسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ ادکارہ نے مزید لکھا کہ نا انصافی اور زیادتی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھائیں، کمزور نہ بنیں اب یہ طریقہ مزید نہیں چل سکتا، ان حالات میں کبھی خاموش رہیں اور نہ ڈریں، جو کوئی بھی ہراسمنٹ کے خلاف آواز اٹھاتا ہے ہم اس کی حمایت کریں گے۔

یاد رہے کہ علی ظفر پر گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے جنسی ہراساں کیے جانے کے الزامکے بعد شوبز ستاروں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ کسی نے خاموشی اختیار کی، کسی نے تنقید کی تو کسی نے کُھل کر میشا کے اقدام کو سراہا۔

SHARE

LEAVE A REPLY