ابھی تو مجھےموروثی کینسرز کو جاننا تھا۔۔۔ آمنہ اور آفتاب سمجھ رہے تھے کہ میں کمرے میں اکیلے آرام کر رہی ہوں ۔۔ لیکن میں اپنی بیماری کے دائرے کومکمل کر رہی تھی ۔ مجھے دور دور تک یاد نہیں تھا کہ ہمارے ننھیال اور ددھیال میں کسی خاتون کوبریسٹ کینسر کے علاوہ کوئی اور کینسر ہوا ہو۔ میں نے لاہور اپنی بہن دلشاد نسیم سے بھی فون پر طویل گفتگو کی اور ہم دونوں نے مل کر ایک فیملی ہسٹری کی ٹری بنائی ۔ اب مجھے بریسٹ کینسر کا لنک یوٹرائن کینسر سے ڈھونڈنا تھا کیونکہ دونوں کے ٹیومر مارکرز ایک جیسے ہی تھے ۔
مجھے بہت سارے ریسرچ پیپرز پڑھنے کے بعد معلوم ہوا کہ حقیقی موروثی کینسر صرف 4-7 فیصد ہیں ۔ بقیہ مریضوں میں سے 90 فیصد سے زیادہ کینسر ہیں جو براہ راست جسم کے مختلف حصوں میں خلیوں کی تقسیم کے دوران ڈی این اے کے اندر ہونے والی بے ترتیب اور اتفاقی تبدیلیوں کی وجہ سے ہوتے ہیں ۔
امریکی محققین نے سرطان کی 31 اَقسام کا تجزیہ کیا اور یہ پتہ چلایا کہ اُن میں سے 22 اَقسام کے کینسرز موروثی نہیں ہوتے بلکہ خلیوں میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے ہوتے ہیں جن میں لیوکیمیا یعنی خون کا سرطان، لبلبے کا کینسر، ہڈی کا سرطان، بچے دانی کا سرطان اور برین کینسر شامل ہیں۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جِلد کے سرطان سمیت باقی ماندہ نَو اقسام کو موروثی کہا جا سکتا ہے ۔ تمام قسم کے کینسرز میں ماحولیاتی عوامل یا مریض کی پُر خطر عادات انہیں مزید خطرناک بنا دیتی ہیں ۔
غیر موروثی کینسرز جو براہ راست جینیات سے متعلق نہیں ہوتے ۔ ان میں ٹیومر کی نشوونما کی بہت ساری وجوہات ہیں ، جنہیں تین بڑے گروہوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔
١۔ پہلا گروپ ۔۔ طرز زندگی سے متعلق ہے جیسے ہم کیسے کام کرتے ہیں ، کتنا وقت آرام کرتے ہیں ، کتنا سوتے ہیں ، کب ہمارے بچے ہوتے ہیں ، کب ہم شادی کرتے ہیں یا شادی نہیں کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر ریسرچ کے مطابق “چھاتی کے کینسر کو روکنے کا بہترین طریقہ شادی کرنا اور وقت پر دو بچے پیدا کرنا ہے۔” چینی اخبار شین لانگ میں شائع رپورٹ کے مطابق ، ہانگ کانگ یونیورسٹی کی تحقیقی ٹیم کے انچارج ڈاکٹر جورڈون اور ان کے ساتھی وونگ چین چون نے اپنی تحقیق میں بتایا کہ نیند کی قلت انسانی ڈی این اے کے بنیادی ڈھانچے کو متاثر کرتی ہے جو بعد میں کینسر اور دوسرے موروثی امراض کا موجب بن سکتی ہے۔
٢۔ دوسرا گروپ ۔۔۔ غذا کی نوعیت سے متعلق ہے۔ مثال کے طور پر ، چین میں کولون کینسر کے واقعات روس کے مقابلے میں 10 گنا کم ہیں جس کی وجہ ان کی فائبر سے بھرپور غذا ہے ، جس میں اناج ، روٹی ، بیج ، سبزیاں ، پھل ہیں اور گوشت کا کم سے کم استعمال ہے ۔
٣۔ تیسراگروپ ۔۔۔ سرطان پیدا کرنے والے عوامل ہیں جن میں نیکوٹین ، ٹار ، دھول ، سورج میں زیادہ رہنا ، کیمیکلز ، واشنگ پاؤڈر ، ایسبیسٹوس ڈسٹ کا استعمال ہے ۔
کسی فرد میں موروثی کینسر کا اس وقت شک کیا جا سکتا ہے جب ان کے خاندان میں قریبی رشتہ داروں کو 45 سال کی عمر سے پہلے کینسر ہوا ہو ۔۔ مثال کے طور پر بڑی آنت ، معدہ ، چھاتی اور بیضہ دانی کا کینسر۔ اور یہ بھی کہ اگر ٹیومر نے ایک ساتھ دو جوڑے والے اعضاء کو متاثر کیا ہو یعنی ایک ہی ٹیومر بیک وقت پھیپھڑوں یا گردوں میں یا دونوں میں کئی سالوں کے فرق کے ساتھ ہوا ہو۔ ایک اور اہم پہلو جو کہ زیادہ خطرے کی نشاندہی کرتا تھا ۔۔ جیسے خاندان میں ایک ہی طرف کے رشتہ داروں میں ایک ہی عضو کے کینسر کے کئی کیسز ہوں ۔ مثال کے طور پر نانی ، ماں ، اور بہن کو چھاتی کا کینسر ہو ۔ کسی خاندان میں کینسر کی ایک ہی جیسی قسم بھی موروثی کینسر کے امکانات کی نشاندہی کرتی ہیں۔ چھاتی کے ” ٹرپل منفی کینسر” اگر کسی عورت کو ہوتو یہ بھی موروثی بیماریوں کے امکان کی نشاندہی کرتا ہے۔
سائنس نے اب تک 114 ایسے جینز معلوم کرلیے ہیں جن کے متاثر ہونے سے کینسر ہوسکتا ہے لیکن تحقیق میں ماہرین نے وہ نایاب تبدیلیاں بھی دریافت کی ہیں جو بیک وقت درجن بھر کینسر کی وجہ بنتی ہیں۔ بی آر ایس اے جین ، جولی جین میں تغیر چھاتی اور بیضہ دانی کے کینسر کا شبہ ظاہر کرتے تھے ۔ اگر یہ ٹیسٹ پوزیٹیو ہوں تو خواتین کو فالو اپ کا کہا جاتا ہے اور یہاں تک کہ پروفیلیکٹک بریسٹ کو
subcutaneous mastectomy
اور
oophorectomy (mammary glands
اور
ovaries
کو آپریشن سے نکال دین کا مشورہ بھی دیا جاتا ہے ۔ بڑی آنت کے کینسر میں APC جین ، پیٹ کے کینسر میں
CDH1
موجود ہوتی ہیں ۔
کینسر کے زیادہ تواتر سے ہونے کی وضاحت نہ صرف موروثی جینز سے کی جاسکتی ہے بلکہ ان کے طرز زندگی ، غذائیت ، یا اس خاندان میں سرطان پیدا کرنے والے عوامل کی چھان بین سے بھی ہوسکتی ہے۔ مثال کے طور پر ، اگر ماں اور والد تمباکو نوشی کرتے ہیں تو انہیں پھیپھڑوں کا کینسر ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ اور یہ تمباکو ٹار کی وجہ سے ہے نہ کے کسی موروثیت کی وجہ سے۔

ایک ایسے خاندان میں جہاں دن میں تین بار چکنائی سے بنا کھانا ، تلی ہوئی چیزیں ،گوشت ، فاسٹ فوڈ کھاتے ہیں اور سبزیاں اور پھل کم کھاتے ہیں اور تمباکو نوشی بھی کرتے ہوں ان میں بڑی آنت کا کینسر ہونے کا خطرہ ان لوگوں سے کہیں زیادہ ہوتا ہے جہاں روزانہ کھانے میں سبزیاں اور سلاد ، مچھلی کے پکوان تیار ہوتے ہیں ، دودھ دہی کے ساتھ پھل کھائے جاتے ہیں ۔ ایک ایسی عورت جس نے شادی نہ کی ہو اور نہ ہی کسی کو جنم دیا ہو ان میں تولیدی نظام کے کینسر( بیضہ دانی ، چھاتی ، بچہ دانی ) کے بڑھنے کا خطرہ زیادہ بہ نسبت وہ خاندان جہاں خوشگوار جنسی زندگی ہو اور دو یا تین بچے ہوں۔ کیونکہ بچے کی پیدائش اور دودھ پلانے والی عورت کا ہارمونل پس منظر بہت زیادہ متوازن ہوتا ہے اور ٹیومر کے تغیرات اور خواتین میں دائمی بیماریوں کی موجودگی کو کم کرتا ہے۔ مثال کے طور پر ، ماسٹوپیتھی جو چھاتی کے کینسر کے بڑھنے کے عوامل میں سے ایک ہیں۔
کینسر کی ابتدائی تشخیص کے لیے ضروری ہے کہ ہم سنجیدگی سے اپنے جسم کی حفاظت کریں ۔۔۔خاص طور پر 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں ٹیومر مارکر کا تعین ، میموگرافی ، پیپ ٹیسٹ ، سادہ خون اور پیشاب کے ٹیسٹ ، اور اگر کوئی شکایات ہیں تو بڑی آنت اور پیٹ کا اینڈو سکوپک معائنہ بہت ضروری ہے جس سے 80 فیصد کینسر کا پتہ وقت سے پہلے چلایا جا سکتا ہے ۔ اگر موروثی کینسر کا خطرہ ہوتو کچھ ٹیسٹ جلدی اور زیادہ کثرت سے کیے جاتے ہیں ۔ مثال کے طور پر ، خاندان میں کولوریکٹل کینسر کے لیے ، اور خاص طور پر موروثی بڑی آنت کے کینسر یا پولیپوسس کے لیے ، سالانہ فائبروکولونوسکوپی
(Colonoscopy )
کی جاتی ہے۔ 45 سال سے زیادہ عمر کے مریضوں میں گیسٹرائٹس کی بعض اقسام کے لیے سالانہ فائبروگاسٹرو اسکوپی
(Endoscopy)
کروانے کو کہا جاتا ہے ۔
جین کی تبدیلی (Gene Mutation)
جین کی مختلف حالت ڈی این اے کی ترتیب میں ایک مستقل تبدیلی ہے جو ایک نئی جین بناتی ہے۔ اس قسم کی جینیاتی تبدیلی کو جین میوٹیشن کہتے ہیں ۔ چونکہ ڈی این اے میں تبدیلیاں ہمیشہ بیماری کا سبب نہیں بنتی ہیں، اس لیے یہ خیال کیا جاتا ہے کہ جین کی مختلف حالت زیادہ درست اصطلاح ہے۔ یہ موروثی (یا وراثت میں ملنے والے) تغیرات جسم کے تقریباً ہر خلیے میں زندگی بھر ہوتے رہتے ہیں۔ موروثی تغیرات میں سسٹک فائبروسس، ہیموفیلیا اور سکیل سیل اینیمیا کی بیماری شامل ہیں۔ دوسرے تغیرات کسی شخص کی زندگی کے دوران اپنے طور پر ہو سکتے ہیں۔ جو اچانک ہونے والے یا نئے تغیرات کہلاتے ہیں۔
مثال کے طور پر اگر بریسٹ کینسر سے بچ جانے والی خواتین میں
BRCA1 اور BRCA2
جینز ہیں تو انہیں بیضہ دانی کے کینسر کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ یہی تبدیلیاں پیٹ اور پروسٹیٹ کینسر میں بھی مبتلا کرسکتی ہیں۔ اس کے برعکس،
CHEK2
کی تبدیلی والی عورت میں اگر مورثی بیضہ دانی کے کینسر کی ہسٹری نہیں ہے تو اسے کینسر کا کوئی خطرہ نہیں ہے ۔
اگر کسی میں
MLH1 MSH2 EPCAM
جینز پائی جاتی ہے تو ان میں کولوریکٹل کینسر
(Colorectal Cancer )
اور اینڈومیٹریال کینسر
(Endomerial Cancer )
اور دیگر ٹیومرز ہونے کا خطرہ ہے ۔ اس لیئے عمومی طور پر جینیاتی معائینہ اور بلخصوص کسی بھی کینسر کے آپریشن کے بعد جینیاتی معائینہ بہت ضروری ہوتا ہے کہ انہیں جسم کے کسی دوسرے اعضاء کے کینسر سے بچایا جا سکے۔
اگر کسی میں
CDKN2A
جین موجود ہو تو ان میں موروثی لبلبے کے کینسر یا میلانوما کے خطرات لاحق رہتے ہیں ۔
اگر کسی میں
RET ، NTRK1 ، PRKAR1A ، PTEN ، CDC73 ، MEN1
جین ہو تو ان میں تائرواڈ اور پیراٹائیرائڈ غدود کے موروثی کینسر میں میوٹیشن ہو سکتی ہے۔
یعنی سادہ لفظوں میں ایک کینسر کئی اور کینسرز کی اطلاح دے سکتے ہیں ۔ میرے آنکھوں میں اپنے بچے اور ان کی نسلیں آن کھڑی ہوئیں ۔۔مجھے ان کو بچانا تھا ۔۔۔ بہت بڑی زمہ داری آ پڑی تھی ۔۔گویا عشق کے امتحان اور بھی ہیں ۔۔اسی لیئے میں نے ڈاکٹر برلنگ سے اس بارے میں بات کی تھی کہ مجھے جاننا ہے کہ کیا میرا کینسر موروثی ہے اور میں تفصیل جاننے کے لئے جینیاتی اسکریننگ بلڈ ٹیسٹ کروانا چاہتی ہوں ۔۔
میں اپنے کمرے میں بہت پرسکون سی لیٹی ہوئی تھی ۔۔ سوچ رہی تھی کہیں کچھ بھی تو دیر نہ ہوئی تھی ۔۔نہ تشخیص میں اور نہ کہیں علاج میں ۔۔ یہ سب نعمتوں کی طرح میری جھولی میں گرا تھا اور میں چاہتی تھی جتنا معلومات کی صورت میں مجھے ملا ہے وہ سب میں بانٹ دوں ۔۔ اور خود رحمتوں کی بارشوں میں بھیگتی جاؤں ۔۔
کل 15 جون ہے ۔۔۔ پتہ ہی نہ چلا کہ کتنی آسانی سے وقت کٹ گیا تھا ۔۔ اور اب کل ڈاکٹر برلنگ سے فالو اپ تھا ۔۔ کینسر کی بائیوپسی رپورٹ اس بار ڈاکٹر رابعہ کی ٹیبل یا کمپیوٹر کی اسکرین پر نہیں بلکہ ڈاکٹر مائیکل برلنگ کی ٹیبل پر رکھی تھی یا ان کے کمپیوٹر کی اسکرین پر چمک رہی تھی ۔۔۔ کبھی کبھی یقین ہی نہیں ہوتا ہماری قسمت کیسے ہمارے ہاتھوں سے نکل کر دوسروں کے ہاتھ آ جاتی ہے ۔۔۔۔
نگہت اکثر سوچتی ہوں تنہائی میں
قسمت کا یہ کھیل سمجھ سے بالا کیوں
جاری ہے
ڈاکٹر نگہت نسیم














Thanks God you have courge to face this horrible fact.This courage and positivity will take out you from this critical situation inshallah.Our prayer’s and request from Godwill supportyou.
Thanks so much for the prayers 🙏 my dear friend ♥️
Thanks God you have courge to face this horrible fact.This courage and positivity will take out you from this critical situation inshallah.Our prayer’s and request from Godwill supportyou.
Reply