ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ہفتے کے دن سے متعدد ممالک کے ہنگامی دوروں کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں، جن میں وہ امریکا کی عالمی جوہری ڈیل سے دستبرداری کے بعد کی صورتحال پر توجہ مرکوز کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ بیجنگ، ماسکو اور برسلز میں سن دو ہزار پندرہ میں طے پانے والی اس تاریخی جوہری ڈیل کے باقی ماندہ فریقین سے مذاکرات کریں گے۔ ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ اگر یورپ کی طرف سے اس ڈٰیل پر عملدرآمد کی ’ٹھوس ضمانت‘ نہ دی گئی تو تہران حکومت بغیر کسی رکاوٹ کے یورنیم کی افزدوگی کا عمل صنعتی سطح پر شروع کر دے گی۔












