میرے پاس چار دن تھے ۔۔۔ اور کام جیسے چارجنموں کے تھے !
منیب ، نجیب اور آمنہ سے روازانہ فیس چیٹ پر بات ہوتی اور بار بار ہوتی ۔۔ کئی سوالوں کے جواب انہیں چاہیئے تھے ۔۔ میں جوابات کے لئے تیار تھی لیکن ان تینوں سے ایک ہی گزارش تھی کہ سب ہفتے کے دن آئیں ۔۔ اور 4 جون سے 11 جون تک کے لئے ۔۔پھر سب اپنی اپنی زندگی کی طرف لو ٹ جائیں گے ۔۔
پر ۔۔امی آپ ہماری زندگی ہیں
جانتی ہوں بیٹی ۔۔ پر زندگی جینے کے لئے بہت سارے کام کرنے پڑتے ہیں اور انہیں رکنا نہیں چاہیئے ۔ میں نہیں چاہتی میری بیماری تم لوگوں کو مجھ سے باندھ دے ۔۔۔ تمہاری ماں کو جینا آتا ہے ۔۔ تمہارے پاپا ہیں ناں میرے پاس ۔۔پہلے بھی وہی زیادہ تر کام کرتے ہیں ۔۔اب سارے کام کر لیں گے ۔۔ ویسے بھی وہ اس وقت تک اپنی جاب پر نہیں جائیں گے جب تک میں نہیں جاؤنگی ۔۔ سب ٹھیک ہے میری جانی ۔۔ اپنی ماں کوبوجھ کیوں بنا رہے ہو ۔۔ مجھے اچھا نہیں لگے گا بچے ۔
وعدہ کریں کہ آپ ہم سے کچھ نہیں چھپائیں گی
ہر گز بھی نہیں ۔۔
تمہاری ماں بلیک اینڈ وائٹ ہے ۔۔
جسے جہاں سے پڑھو گے اپنی ہی کہانی ملےگی ۔۔۔
تم تینوں میں ، میں رہتی ہوں ۔۔۔اگرمجھے تکلیف ہو گی تمہیں خود ہی پتہ چل جائے گا ۔ میں کچھ کہوں یا نہیں ۔۔ تم سب کو پتہ چل جائے گا ۔۔
پر بیٹا مجھے کچھ کام کرنے ہیں وہ مجھے تمہارے پاپا کے ساتھ مل کر ہی کرنے ہیں ۔۔ جب تک نہیں آؤ ۔۔پلیز
بچے مجھے کئی ناموں سے پکارا کرتے ہیں ۔۔ کبھی امی ۔۔کبھی امی جان ۔۔کبھی ممی ۔۔ کبھی ممو ۔۔کبھی ممو جان ۔۔ کبھی صرف جان ۔۔۔ صدقے پیار بھی کبھی بے نام ہوا ہے ۔۔ ماں واری ۔۔صدقے ۔۔ تم سب بہت اچھے ہو ۔۔پیارے ہو ۔۔ ہمیشہ ہمیں تم تینوں کی وجہ سے فخر ہی ملا ہے ۔۔۔ سب پوچھتےتھے اتنے اچھے بچے کیسے بنائے ۔۔ ہم دنوں ہنس دیتے۔۔نظر بدور ۔
منیب کہتا ۔۔ آپ ہی تو کہتی تھی کہ تم چاہے مزدوری کر کے اپنا اور اپنی فیملی کا پیٹ پالنا ۔۔ مجھے فخر ہوگا کہ میرا بیٹا مزدور ہے لیکن اگر کوئی کہے گا کہ تمہارا اخلاق اچھا نہیں ہے تو میں شرم سے مر جاؤنگی ۔۔ ۔۔ تب میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ میرے اندرمیری ماں ہمیشہ زندہ رہے گی ۔۔ ا سکی خواہش کا احترام میری حیات کا مقصد رہے گا۔

جانی انہیں آزاد کر دو ۔۔ ہمارے بعد وہ جوچاہے کریں
نجیب کہتا ۔۔۔امی جان جب میں آپ کے بارے میں سوچتا ہوں ۔۔ایسے لگتا ہے جیسے آپ سفید دوپٹہ اوڑھے آیت الکرسی پڑھ کر مجھ پر دم کر رہی رہیں ۔۔ آپ کو لگتا ہے میں سب سے پیارا ہوں ۔۔لیکن مجھے کہنا ہے آپ دنیا کی سب سے حسین ماں ہیں اورمیں دنیا میں سب سے زیادہ آپ سے پیارکرتا ہوں ۔۔۔۔ میں آپ سے اپنے سارے ڈارک سیکرٹ شیئر کر سکتا ہوں ۔۔ مجھے معلوم ہے کہ میری ماں مجھ پر یقین کرے گی کہ اس لمحے جو بھی ہوا ہو گا ، درست ہوا ہوگا۔۔ یو آر مائی رلڈ ممی ۔۔ پلیز ٹیک کیئر آف یو۔۔
آمنہ کہتی ۔۔۔ ممو جان ۔۔ آپ میرا سب کچھ ہیں ۔۔ پاپا سے میں پریکٹیکل ایڈوائس لیتی ہوں ۔۔ لیکن جب کوئی جذباتی اور روحانی تکلیف ہوتی ہے تو آپ کے پاس آتی ہوں ۔۔۔ مجھے یقین ہوتا ہے صرف میری ممو جان ہی مجھے سنبھال سکتی ہیں ۔۔ مجھے کئی بار لگا جب جب میں پریشان ہوتی ہوں ۔۔آپ اپنا ہاتھ میرے سر پر رکھ دیتی ہیں اور پھر سب کچھ ٹھیک ہو جاتا ہے ۔۔ ماں واری ۔۔صدقے۔
میرے بچے مجھ سے میرے جیتے رہنے کی گارنٹی مانگ رہے تھے یہ جانتے ہوئے بھی کہ کچھ بھی میرے ہاتھ میں نہیں تھا ۔۔ لیکن ماں کو جھوٹ جائز تھا ۔۔ میں باری باری سب کو کہہ رہی تھی کہ مجھے کچھ نہیں ہو گا ۔۔۔ میں نے ہنستے ہوئے کہا فکر نہ کرو تمہارے پاپا کی لاٹری نہیں نکلنے دونگی ۔۔۔ سب ہنس پڑے اور آفتاب بچوں کو سنبھلتا دیکھ کر خوش ہو گئے ۔
سو بچو طے ہوا کہ ہم سب ویک اینڈ ساتھ گزاریں گے ۔۔ کسی کی کوئی فرمائش ہو تو نوٹ کروا دے ۔۔ آفتاب کی آفر کو تینوں بچوں نے محبت سے یہ کہہ کر ریجکٹ کر دیا کہ کھانا مل کر پکایا جائے گا ۔۔۔
فون بند ہو چکا تھا ۔۔
بچوں کے چہرے ہماری آنکھوں میں یوں بھی عدسے کی جگہ رہتے تھے لیکن جب یہ عدسے نہیں رہیں گے تو میرے بچوں کو ایک دوسرے کی آنکھوں میں رہنا ہو گا ۔۔ کیا یہ بات میں انہیں سمجھا سکونگی ۔۔ میں نے آفتاب سے پوچھا ۔۔ ان کی بات بھی ٹھیک تھی ۔۔ عدسوں میں رہنا نصیبوں کی بات ہے ۔۔ ہم صرف سمجھا سکتے ہیں ۔۔ عمل کرنا ان کاکام ہے ۔۔ ہمیں دوسروں کے عمل کا اختیار اپنے ہاتھوں میں کبھی نہیں لینا چاہیئے ۔۔
جانی انہیں آزاد کر دو ۔۔ ہمارے بعد وہ جوچاہے کریں ۔۔۔ انہیں اپنی خواہشوں اور آرزؤں سے آزاد کردو ۔۔
جی ۔۔ اچھا
چائے پیتے ہیں ۔۔ میں نے ہنستے ہوئے کہا
یعنی آفتاب اٹھو اور میرے لئے چائے بنا کر لاؤ
یس ۔۔ ڈیئر ۔۔ اور وہ بھی ابھی کے ابھی
جو حکم سرکار ۔۔۔ عمر بھر بناتا رہونگا
اوہ ۔۔۔۔۔۔۔۔ ہیرو گیری
ارے یاد آیا ۔۔ بہت اچھی فلم نیٹ فلیکس پر ہے ۔۔ تمہارا فیورٹ ساؤتھ ہیرو “ الو ارجن “ کی فلم “ پشپا “
واؤ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یعنی پشپا جھکے گا نہیں
جی جناب ۔۔۔۔۔۔ میں کبھی جھکے گا نہیں
سو سویٹ ۔۔۔۔۔۔۔ لو یو
چائے جناب ۔۔۔۔۔ یہ لیجئے
فلم شروع ہو چکی تھی ۔۔۔ الو ارجن کی پشپا ۔۔ اور میرا کینسر بہت دور کہیں مجھ پر ہنس رہا تھا
جاری ہے
ڈاکٹر نگہت نسیم














سلامت رہو جیتی رہو جگ جگ جیو، یونہی چمکتی مہکتی مسکراتی ہو نگہت نسیم بیٹی
اللہ ہے بس پیار ہی پیار
بہترین انداز میں تحریر کیا