نگراں وزیر اعظم ناصر الملک کے منصب سنبھالنے کے بعد بیوروکریسی میں تبادلے اور تقرریوں کا آغاز ہوگیا، وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو تبدیل کردیا گیا، ان کی جگہ سہیل عامر نگراں وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری مقرر کردئیے گئے، سید ابو احمد عاکف کو سیکرٹری کابینہ ڈویژن مقرر کردیا گیا ، سہیل عامر اس سے قبل سیکرٹری کابینہ ڈویژن کےعہدے پر تعینات تھے ۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سیکریٹری کابینہ ڈویژن سہیل عامر کو تبدیل کر کے وزیر اعظم کا پرنسپل سیکریٹری تعینات کر دیا گیا ہے، سہیل عامر سیکریٹریٹ گروپ کے گریڈ22 کے افسر ہیں اور اس سے پہلے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کے عہدے پر کام کررہے تھے۔
سہیل عامر وزارت مذہبی امور اور وزارت اوورسیز پاکستانیز میں سیکریٹری کے عہدے پر بھی کام کرچکے ہیں۔
اس سے پہلے وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کے عہدے پر تعینات فواد حسن فواد کو تبدیل کر کے ڈی جی سول سروسز آفیسرز اکیڈمی لاہور تعینات کر دیا گیا ہے۔
بین الصوبائی رابطہ وزارت کے سیکریٹری ابو عاکف کو تبدیل کر کے سیکریٹری کابینہ ڈویژن تعینات کر دیا گیا ہے۔












