پانچ جولائی سن ستترکی صبح میں سو کر اٹھی تو صبح بڑی روشن سی لگی، دھوپ بکھری پڑی تھی۔ مجھے اندازہ ہی نہ ہوسکا کہ یہ تو شب گزیدہ سحر تھی۔ ریڈیو پاکستان کے صبح سات بجے کے بلیٹن میں ملک میں مارشل لاء لگنے کی خبر نشر ہو چکی تھی۔ مگر کیوں! میں نے سوچا، ابھی رات کو ہی آخری بلیٹن میں بھٹو صاحب اور پاکستان قومی اتحاد کے درمیان اختلافات طے پا جانے کی خبریں سن کر سب کی جان میں جان آئی تھی۔
یہانتک کہ ریڈیو پاکستان کے نیوز روم کی مطابق پانچ جولائی کی صبح چھ بجے جو پہلا نیوز بلٹین نشر ہوا، اس میں بہت تفصیل سے وزیر اعظم بھٹو اور پاکستان قومی اتحاد کے درمیان معاہدے کی خبر نشر ہوئی تھی،
مگر جب صبح سات بجے کا بلیٹن بلکل آن ائیر جانے کو تھا اس سے چند لمحوں قبل ایک فوجی نے دھڑ سےسٹوڈیوز میں گھس کر بلیٹن کو رکوایا اور مارشل لاء کی خبرنیوز ریڈر کے سامنے رکھدی اور نشر کرنے کا حکم دیا۔
ریڈیو پاکستان کے نیوز بلیٹن ان دنوں راولپنڈی کی ایک رہائشی کوٹھی میں بنائے گئے ایک عارضی سٹوڈیوز سے نشر ہوتے تھے۔
شنید ہے کہ مارشل لا ٹیم فوجی نیوزسٹوڈیوز کے بارے میں لاعلم تھی۔ اس لیے بروقت نہیں پہنچ پائی تھی۔

پانچ جولائی کا دن پُر اضطراب خاموشی میں گزر گیا۔
میں شام کو خبریں پڑھنے ٹیلی وثن لاہور کے نیوز روم پہنچی تو بلیٹن کی تیاری ہو رہی تھی۔ ماحول بہت ہی افسردہ اور خوفزدہ تھا۔ گوکہ پیپلز پارٹی کی مقبولیت کاگراف سن ستر کے مقابلے قدرے نیچے آ چکا تھا مگر پھر بھی یہاں پارٹی کے چاہنے والوں کی اکثریت تھی۔
عملاً الصبح دو اور تین بجے کے درمیان وزیر اعظم ہاؤس پر شب خون مار کر بھٹو صاحب اور ان اہل خاندان کے بیڈ رومز میں گھس انھیں کرگرفتار کرکے مری کے ایک گیسٹ ہاؤس میں پہنچا دیا گیا تھا۔

مگرجنرل ضیاء کے میڈیا مشیر کرنل سالک کی جانب سے جاری شدہ ہینڈ آؤٹ کے احکامات تھے کہ وزیر اعظم بھتوکے لیےگرفتار یا معزول کا لفظ استعمال نہ کیا جائے۔ ایڈیٹر صاحبان ممتاز حمید راؤ، جاوید پراچہ اور خالد محمود ربانی اسی مخمصے میں سر جوڑے بیٹھے تھے کہ کیا کہا جائے۔
مگربھلا حکم عدولی کی مجال کہاں۔ جوخبر نشر ہوئی وہ یہ تھی کہ فوج نے وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کو اپنی حفاظت میں لے کر حالات کی بہتری تک ملک کا نظم و نسق سنبھال لیا ہے۔

رات گئے لاہور کے فوجی کمانڈر کی جانب سے ایک حکم نامہ ایک ہینڈ آؤٹ کی صورت میں ہمارے سامنے تھا۔ جس میں خبردار کیا گیا تھا کہ رات بارہ سے
شہر میں کرفیو نافذ کر دیاگیا ہے۔ ہینڈ آؤٹ کے کوئی بارہ نکات میں سے ایک آخری نکتہ یہ تھا کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے کو دیکھتے ہی گولی مار دی جائے گی۔ یہ ہینڈ آؤٹ پہلی مرتبہ رات گیارہ اورپھر بارہ بجےمیں نے پڑھے۔
میں نے کچھ عرصے قبل ہی خبریں پڑھنی شروع کی تھیں
میرے لیے یہ بلکل اچھوتا تجربہ تھا۔ پڑھتے ہوئے مجھ پراس قدر ہیبت طاری تھی کہ کوئی لفظ غلطی سے بھی غلط ادا نہ ہوجائے

شفٹ ختم ہونے تک نیوز روم کے عملے کے کرفیو پاسسز بن کر آ چکے تھے، تو لیجئیے اب ہم اپنے ہی شہر، اپنی ہی گلیوں، محلوں میں چلنے پھرنے کے لیے ایک فوجی مہرکے محتاج ہو چکے تھے۔ خیر
نیوز کا عملہ رات لگ بھگ ایک بجے ایک ساتھ دوگاڑیوں میں مختلف سمتوں میں اپنے گھروں کو روانہ ہوا۔
میرے ایک ساتھی سہیل ظفر بولے صاحب کچھ بھی ہو مگر ہماری فوج وقت کی بہت پابند ہے، دیکھنا ٹھیک بارہ بجے سٹرکوں پر آچکی ہوگی۔ مگر شہر خموشاں اورگرم ہواؤں کی سائیں سائیں کے سوا ان سٹرکوں پر کسی فوجی کا دور دور تک کوئی نام نشان نہیں تھا۔
ہماری وین میں ماحول بہت بوجھل تھا جیسے کچھ کھو گیا ہو،کسی کو یہ یقین نہیں تھا کہ انتخابات میں کوئی بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی تھی۔ جس کا نتیجہ ملک میں جمہوریت کی بساط لپیٹ دی جائے۔
کوئی سن اٹھاون کے مارشل لا کا ذکرکررہا تھا، کسی کو ملک کا ٹوٹنا یاد آگیا، ویسے بھی لوگوں کو ابھی
ڈھاکہ کا ڈوبنا کہاں بھولا تھا۔
جب ہم اپنے کچھ ساتھیوں کو چھوڑنے اندرون شہر گئے۔ تو خاصی حیرانگی ہوئی۔ لاہور کے رہنے والے جانتے ہیں کہ یہ علاقہ لاہور کا دل کہلاتا تھا۔ یہاں روایتی کھانوں کی دکانیں رات گئے تک کھلی رہتی تھیں۔
اُس وقت فیشن ایبل اور ماڈرن قسم کے ایئر کنڈیشڈ ہوٹل ذرا کم ہی تھے۔ دن بھر کی تپش کے بعد جب رات بھیگتی تھی تو زندہ دلان لاہور ان دکانوں کا رخ کرتے تھے۔ ہم نے دیکھا کہ دکانوں کے سامنے معمول کی رونق تھی۔ لوگ حسب معمول کھانے اور خوش گپیوں میں مصروف نظر آئے۔ غالبا شہریوں کو یہ علم ہی نہیں تھا کہ کرفیو لگ چکا ہے ان کے اپنے ہی شہر میں ان کے گھروں سے نکلنے پر پابندی لگ چکی تھی۔
دو روز بعد جنرل ضیا الحق لاہور آئے۔ مارشل لاء ڈکٹیٹر کی حیثیت سے ان کی یہ پہلی نیوز کانفرنس تھی۔
فرمایا فوج کو تو مجبوراً جمہوریت بچانے کے لیے مداخلت کرنی پڑی۔ بہت خوب۔ جمہوریت کی حفاظت مارشل لا سے،
بعقول احمد ندیم قاسمی
نوک خنجر سے سلے زخم ندیم
کیا عجب طرز مسیحائی ہے

SHARE

LEAVE A REPLY