افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد مارے گئے ہیں۔ طبی حکام نے زخمی ہونے والے بیس افراد میں سے بعض کی حالت نازک بیان کی ہے۔
یہ دھماکا اشرف غنی کے دورہٴ جلال آباد کے دوران ہوا۔ اتوار پہلی جولائی کو افغان صدر نے اس شہر میں ایک ہسپتال کا افتتاح کیا۔ صوبائی انتظامیہ کے مطابق دھماکا مخبرات چوک میں ہوا اور ارد گرد کی کئی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
ننگر ہار صوبے کے پولیس سربراہ کے مطابق دھماکا ایک خودکش بمبار کی کارروائی تھی اور اُس کا ہدف وہ بس تھی جس پر سکھ اور ہندو اقلیتوں کے افراد سوار تھے۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ اس حملے میں ان اقلیتوں کے کتنے افراد مارے گئے ہیں۔












