پیوٹن نے مغربی ممالک کوتیسری جنگ عظیم سے خبردار کردیا

0
678

پانچویں بار روسی صدر منتخب ہونے والے ولادیمیر پیوٹن نے مغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین میں مغربی افواج کی موجودگی اور نیٹو کی مداخلت دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر دھکیل سکتی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اتوار (17 مارچ) کی شام انتخابات میں کامیابی کے بعد خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے مغربی ممالک کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو بتایا کہ انہیں اسی طرح کے ردعمل کی’توقع‘ تھی۔

روسی صدر نے اپنے حامیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ ان سے کیا امید کررہے تھے؟ کیا یہ ہمارے لیے تالیاں بجائیں گے؟ وہ ہمارے خلاف ہیں، ان کا مقصد ہماری ترقی کو محدود کرنا ہے، اس لیے وہ کچھ بھی کہتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ سرحد یوکرینی حامی فوجیوں کے حملوں سے محفوظ رہے، بطور صدر ان کا پہلا کام یوکرین جنگ سے نمٹنا، فوج کو مضبوط بنانا اور دفاع کو بہتر بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ولادیمیر پیوٹن پانچویں بار روس کے صدر منتخب

روسی صدر سے نیٹو کے ساتھ براہ راست تصادم کے امکان کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ آج کی دنیا میں کچھ بھی ممکن ہے، یوکرین میں مغربی فوج کی موجودگی دنیا کو تیسری جنگ عظیم کے دہانے پر پہنچا سکتی ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بھی ایسا چاہتا ہے۔

یاد رہے کہ روس میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں صدر ولادیمیر پیوٹن پانچویں مرتبہ روس کے صدر منتخب ہوچکے ہیں، پیوٹن روس کی 200 سالہ تاریخ میں جوزف سٹالن کے بعد طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے رہنما بن گئے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY