احتساب عدالت اسلام آباد میں ایون فیلڈ ریفرنس پر فیصلہ جبکہ فیصلہ موخر کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت بھی آج ہی ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ نے آج دارالحکومت اسلام آ باد کی شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے احتساب عدالت جانے والے راستے ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے۔

سماعت کے موقع پر رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا اور سیکورٹی کے لیے 400 سو کے قریب پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔

نواز شریف کی جانب سے ایون فیلڈ فیصلے کو ایک ہفتے تک موخرکرنے کی درخواست گزشتہ روز عدالت میں پیش کی گئی، رپورٹ کے ساتھ کلثوم نواز کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ بھی لگائی گئی۔

دوسری جانب ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی جانب سے چھ جولائی کا فیصلہ موخر کرنے کا مطالبہ قطعی جائز ہے، عدالت سے درخواست ہے کہ فیصلہ مؤخر کیا جائے۔

واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس پر 9 مہینے اور 20 دن جاری رہنے والی ٹرائل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز100 سے زائد مرتبہ احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 28 جولائی کو سپریم کورٹ نے پاناما پیپرز کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا گیا تھا ۔

مذکورہ فیصلے کی روشنی میں سپریم کورٹ نے نیب کو نواز شریف، ان کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے 6 ماہ میں فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔

پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنسز بھی زیر سماعت ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY