حُسین شناسی کا سفر۔108۔ طویل عزائی نظم ، ڈاکٹر نگہت نسیم

0
603

قسط 108

آہ!
شمر اس وقت آپ ع کے سینہ بیٹھا ہوا تھا
اور
اپنا خنجر
آپ ع کی گردن پر پھیررہا تھا
ریشِ مبارک ظالم اپنے ہاتھ میں لئے ہوئے
اپنی ہندی تلوار سے آپ کو ذبح کر رہا تھا
آپ ع کے دست وپا بے حرکت ہوگئے
آپ ع کے ہوش و حواس ساکن ہوگئے
اور
سانس رک گیا
نیزہ پر سر اقدس کو اٹھایا گیا
اور
اہلِ حرم کو غلاموں کی طرح قید کرلیا گیا
آہنی زنجیروں میں جکڑ کر اونٹوں پر بٹھالیا گیا
دن کے دوپہر کی گرمیاں
ان کے چہروں کو جھلسا رہی تھی
اور
وہ غریب بیابانوں اور جنگلوں میں پھرائے جا رہے تھے
ہاتھ ان کے گردنوں سے بندھے ہوئے تھے
اور
بازاروں میں ان کو پھرایا جا رہا تھا
وائے ہو
ان نافرمانوں فاسقوں پر
جنہوں نے
آپ ع کو قتل کرکے اسلام کو تباہ کردیا
نمازوں کو روزوں کو معطل کردیا
شریعت کے چلن کو اور احکام کو توڑدیا
ایمان کی عمارت کو ڈھادیا
قرآنی آیات میں تحریف کی
بغاوت وسرکشی میں دھنستے چلے گئے
آپ ع کے قتل سے
رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم مظلوم قرار پاگئے
مظلوم بھی ایسے
کہ
اپنے بچے کے خون کا بدلہ نہ لے سکے
آپ ع کے قتل سے کتابِ خدا پر لاوارثی چھاگئی
آپ ع کے ستائے جانے سے اصل میں حق ستایا گیا
آپ کے نہ ہونے سے اللہ اکبر
اور
لا الہ الا اللہ
ان آوازوں میں کوئی روح نہ رہی
حرام و حلال کا امتیاز
قرآن اور قرآن کے معانی کا تعین سب ضائع ہوگیا
آپ ع کے بعد
شریعت میں کھلی ہوئی تبدیلیاں
فاسد عقیدے سے حدود شریعت کا تعطل
نفسانی خواہشوں کا زور
گمراہیاں فتنے اور غلط چیزوں کا ظہور ہوا
غرض ۔۔کہ
آپ کی سنانی سنانے والا آپ کے جد امجد کی قبر کے پاس کھڑا ہوا
اور
آپ کی سنانی برستے ہوئے آنسوؤں کے ساتھ
رسول اللہ (ص) کو یہ کہتے ہوئے سنائی
کہ
“یا رسول اللہ!
آپ کا فرزند آپ کا بچہ قتل کردیا گیا
اور
آپ کے گھروالوں اور جانثاروں کو ماردیا گیا
آپ کے بعد
آپ کی ذرّیت کو قید کیا گیا
اور آپ کی ذریت و اہل بیت کو وہ دکھ دیئے گئے
جن دکھوں سے ان کو بچانا امت پر فرض تھا”

جاری ہے

SHARE

LEAVE A REPLY